وزیر داخلہ سندھ کا سی ٹی ڈی ہیڈ آفس کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر موثر اور فیصلہ کن کارروائیوں کا اعادہ

وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سی ٹی ڈی سندھ ہیڈ آفس کا دورہ کرکے محکمہ کی پیشہ ورانہ استعداد، انسداد دہشت گردی اقدامات اور سکیورٹی امور پر بریفنگ حاصل کی۔

کراچی۔ 07 جولائی (اے پی پی):وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے منگل کے روزکانٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ(سی ٹی ڈی)سندھ کے ہیڈ آفس کا تفصیلی دورہ کیا،

جہاں ان کا استقبال آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کیا۔جاری اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی غلام اظفر مہیسر نے وزیر داخلہ سندھ کو دہشت گردی کے خلاف جاری انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، آپریشنل کارکردگی، محکمہ کی پیشہ ورانہ استعداد، مستقبل کی حکمت عملی اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز ون، ایس ایس پی سی ٹی ڈی آپریشنز ٹو سمیت دیگر سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال،انٹیلی جنس شیئرنگ،فرانزک صلاحیتوں اور ادارہ جاتی تعاون کو مزید موثر بنانے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے سی ٹی ڈی کی پیشہ ورانہ کارکردگی، دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں اور افسران و اہلکاروں کی جرات و عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی صوبے کا ہر اول دستہ ہے اور ادارے کی مضبوطی سندھ کے پائیدار امن کی ضمانت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دستیاب اور درکار وسائل سے متعلق جامع سفارشات فوری طور پر ارسال کی جائیں تاکہ حکومت سندھ ترجیحی بنیادوں پر ادارے کی ضروریات پوری کر سکے۔وزیر داخلہ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ سی ٹی ڈی کی استعدادِ کار، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی کے لیے ہر ممکن وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے زور دیا کہ سی ٹی ڈی کو جدید اسلحہ، انٹیلی جنس، فرانزک اور تکنیکی سہولیات سے مزید مستحکم کیا جائے تاکہ دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے خلاف بلاامتیاز اور موثر کارروائیاں مزید تیز کی جاسکیں۔ضیا ء الحسن لنجار نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گرد عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رکھا جائے گا اور امن دشمن عناصر کے لیے یہاں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز اور حساس اداروں کے ساتھ بین الادارہ جاتی تعاون کو مزید موثر بنایا جائے تاکہ دہشت گردی کے ہر نیٹ ورک کا بروقت اور موثر خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے کہا کہ سندھ پولیس دہشت گردی کے خلاف ہر محاذ پر پوری قوت، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ برسرپیکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حساس اداروں کے ساتھ موثر رابطوں اور بروقت معلومات کے تبادلے کے باعث دہشت گرد عناصر کے خلاف کامیاب کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔آئی جی سندھ نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی جدید انٹیلی جنس، سائنسی تفتیش، فرانزک معاونت اور مربوط آپریشنل حکمت عملی کے ذریعے دہشت گرد نیٹ ورکس کا موثر تعاقب کر رہی ہے جبکہ ادارے کی استعداد کار میں اضافے اور جدید وسائل کے موثر استعمال کے ذریعے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے اقدامات مزید تیز کیے جا رہے ہیں۔