اسلام آباد ۔ 25 اپریل (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سینئر سول سرونٹس پر زور دیا ہے کہ وہ بہترین خدمت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جونیئرز کیلئے رول ماڈل بنیں۔ منگل کو یہاں 106 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پبلک سیکٹر آرگنائزیشن کیلئے کام کے ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلے میں اقدامات پر …
وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب اورسوالوں کے جواب
اسلام آباد ۔ 25 اپریل (اے پی پی) وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سینئر سول سرونٹس پر زور دیا ہے کہ وہ بہترین خدمت اور قائدانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے جونیئرز کیلئے رول ماڈل بنیں۔ منگل کو یہاں 106 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے پبلک سیکٹر آرگنائزیشن کیلئے کام کے ماحول کو بہتر بنانے کے سلسلے میں اقدامات پر زور دیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خدمت کے جذبہ سے سرشار اہل، موثر اور مخلص سرکاری ملازمین قیادت کے وژن کو حقیقت میں تبدیل کرنے اور ملک کو درپیش متعدد چیلنجوں سے باہر نکالنے کیلئے فیصلہ کن کردار ادا کر سکتے ہیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ ایسے وقت میں جب سول سروس کو انسانی وسائل کے سنجیدہ چیلنجوں، صلاحیت سازی کے ایشوز اور عوام سے اعتماداور احترام کے تقاضوں کا سامنا ہے۔ سینئر بیورو کریٹس آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں میں عوام کا اعتماد بحال کرتے ہوئے اپنی کارکردگی میں اضافہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت سرکاری ملازم ہر سول سرونٹ کا یہ فرض ہے کہ وہ قانون کے تحفظ اور پبلک کی خدمت کرتے ہوئے متوازن، غیر متعصب اور روا داری کے جذبے کا اختیار کرے۔ ملک کی مجموعی صورتحال بالخصوص سیکورٹی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ حالیہ برسوں میں تمام سٹیک ہولڈرز بشمول سویلین حکومتوں، مسلح افواج، پولیس، سول آرمڈ فورسز اور انٹیلی جنس اداروں کی مربوط کوششوں کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔









