وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کا نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پہلے حکمرانوں نے اس ملک کے ساتھ بہت ظلم کیا ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح …

اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ نیشنل سکیورٹی موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے جس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پہلے حکمرانوں نے اس ملک کے ساتھ بہت ظلم کیا ہے۔ پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہماری بہادر مسلح افواج اور پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ایسی لازوال قربانیاں دی ہیں جن کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دنیا بھر میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر خود مختار ریاست ان تمام تقاضوں کی مجاز ہے جن کے تحت وہ ایسے تمام اقدامات کرے جن سے ریاست کے تمام امور کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے، اپنے گھر اور اپنے ملک کی چادر اور چار دیواری کا تحفظ کیا جا سکے، اس کے لیے وہ تمام اقدامات کریں جس سے ریاست کو محفوظ بنایا جائے اور گلوبلی ریاست کی ذمہ داریوں کو بہتر طریقے سے چلایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کے قوانین کا احترام کرتے ہیں لیکن کیا وجہ ہے کہ ہماری لازوال قربانیوں کے باوجود ہمارے مدرسے، امام بارگاہیں، ہماری مساجد اور مزارات محفوظ نہیں اور ہمیں پھر بھی ڈومور کا کہا جاتا ہے ۔ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے یہ عہد کیا کہ ہم دوسروں کو عزت دیں گے اور اس عزت کے بدلے عزت لینا بھی جانتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ سب سے پہلے پاکستان، اب پاکستان پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، پاکستانیوں کے جان ومال کا تحفظ کیا جائے گا اور پاکستان کے باسیوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا ۔ ایک ذمہ دار ملک ہونے کی حیثیت سے یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے کیونکہ ہم کوئی بنانا ری پبلک نہیں ہیں بلکہ ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا پورا پورا احساس ہے اور ہم نے دنیا کو بھی یہ باور کرایا ہے کہ ہم لازوال قربانیان دے رہے ہیں ۔ یہ ملک اب انشااللہ بہت آگے جائے گا اور پاکستانی اپنا سر فخر سے اٹھا کے چلیں گے۔