وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، دنیا ہم پر الزام لگانے کی بجائے ہماری حوصلہ افزائی کرے، این جی اوز کو پاکستانی قوانین پر عمل اور احترام کرنا ہو گا، سابق حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر دیا، ریاستی اداروں کو جاگیر سمجھ کر چلایا گیا، اپوزیشن دھرنوں …

اسلام آباد ۔ 9 اکتوبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کیخلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، دنیا ہم پر الزام لگانے کی بجائے ہماری حوصلہ افزائی کرے، این جی اوز کو پاکستانی قوانین پر عمل اور احترام کرنا ہو گا، سابق حکمرانوں نے ملک کو مقروض کر دیا، ریاستی اداروں کو جاگیر سمجھ کر چلایا گیا، اپوزیشن دھرنوں اور احتجاج کا شوق پورا کر لے ان سے مرعوب نہیں ہوں گے، 33 ہزار کنال زمین واگزار کرائی جس سے ساڑھے 3 سو ارب کا فائدہ ہوا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت شہریار خان آفریدی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے رجوع کرنے اور ان سے قرضہ لینے کا فیصلہ مجبوری میں کیا ہے اس معاملے پر پارلیمنٹ کا اجلاس بلایا جا رہا ہے جس میں تفصیلی بحث کرائی جائے گی۔ اپوزیشن کو بات کرنے کا بھرپور موقع دیا جائے گا،ہم بھی اپنا نقطہ نظر پیش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے بیرونی قرضوں کے حوالے سے یہ بھی کہا تھا کہ خدانخواستہ اگر ضرورت پڑی تو دنیا کے ساتھ چلنے کیلئے غیر مقبول فیصلہ کرنے پڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ملک کو قرضوں کے بوجھ تلے ڈال دیا آج ہر پاکستانی ایک لاکھ 45 ہزار روپے کا مقروض ہے۔ روزانہ 6 ارب روپے سود کی مد میں ادا کر رہے ہیں، ریاست کے امور چلانے کیلئے قرض لینا مجبوری ہے تاہم موجودہ حکومت جلد قرضوں میں کمی اور سود سے چھٹکارہ حاصل کر لے گی۔