وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ جو ریاست یا اداروں کو چیلنج کرے گا اسے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا‘ جب تک اپنی جان، مال، آل، اولاد، ماں، باپ سب کچھ خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ …

اسلام آباد ۔ یکم نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار خان آفریدی نے کہا ہے کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا‘ جو ریاست یا اداروں کو چیلنج کرے گا اسے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا‘ جب تک اپنی جان، مال، آل، اولاد، ماں، باپ سب کچھ خاتم النبین حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی ذات پر قربان نہ کیا جائے ایمان ہی مکمل نہیں ہوتا، عدالتوں سمیت ہمارا ملکی آئین بھی قرآن و سنت کا تابع ہے، قوم یقین رکھے ملک کے معاملات مضبوط ہاتھوں میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مظاہرین کے قائدین کے ساتھ کل سے ہی بات چیت جاری ہے اور قوی امید ہے کہ قوم آج رات اچھی خبر سنے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام معاملات وزیراعظم عمران خان اور اس سلسلے میں بنائی جانے والی کمیٹی کے ساتھ ڈسکس ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک بہترین اور بہادر لیڈر ہیں جن میں وہ تمام خوبیاں موجود ہیں جو ایک نڈر اور بہادر لیڈر میں موجود ہونی چاہیئں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈر کی یہ خوبی ہے کہ وہ کبھی بھی بحران میں چھپتا نہیں بلکہ سامنے آتا ہے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ مطاہرین کے قائدین کے ساتھ نیک نیتی سے بات چیت کر رہے ہیں تاکہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے، معاملات پر اپوزیشن اور دیگر جماعتوں کی مشاورت سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی رٹ قائم کی جائے گی اور اس پر کسی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو ریاست یا اداروں کو چیلنج کرے گا اسے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپنی سوچ کو دوسروں کی سوچ پر مسلط کرنے کی سوچ کی نفی کا نام نیا پاکستان ہے۔