وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر کا نیشنل ہارٹیکلچرل سوسائٹی کی تقریب سے خطاب

وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 میاواکی اربن جنگلات قائم کرے گی جس سے شہر کے سرسبز رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل
وزارت موسمیاتی تبدیلی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 23 میاواکی اربن جنگلات قائم کرے گی جس سے شہر کے سرسبز رقبے میں نمایاں اضافہ ہوگا،وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل

اسلام آباد ۔ 18 دسمبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل وزیر نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ایسے مثالی کام کر کے جائیں گے کہ آئندہ حکومت بھی پاکستان تحریک انصاف کی ہی ہوگی، باصلاحیت نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں، قدرت نے پاکستان کوتمام قدرتی وسائل سے نوازا ہے جن کی ہمیں قدر کرنی چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نیشنل ہارٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان کے زیر اہتمام 39ویں سالانہ پھولوں کی نمائش جیتنے والوں میں تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ زرتاج گل نے کہا کہ زندگی میں کوئی بھی کام کرنا مشکل نہیں ہوتا، اس کے لئے پختہ ارادہ اور لگن کی ضرورت ہے۔ جب میں نے پنجاب کے پسماندہ ضلع میں پاکستان تحریک انصاف کے پلیٹ فارم سے سیاست کاآغاز کیاتو مجھے بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ میرے سیاسی حریف دہائیوں سے اس علاقے پر سیاست کررہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان صرف کام اور کام پر یقین رکھتے ہیں جب بھی کیبنٹ میٹنگ ہوتی ہے وہ ایک ایک وزیر سے اس کی کارکردگی کے بارے میں پوچھتے ہیں کیونکہ وہ خود بھی سخت محنت کرتے اور اپنے وزراءسے بھی یہی توقع کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف کرپشن کے خلاف بھرپور کام کررہی ہے جس کے ثمرات آنے والے وقتوںمیں سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارے لئے یہ بات قابل فخر ہے کہ ہماری آبادی کا بڑا حصہ نوجوانوںپر مشتمل ہے اور یہ نوجوان ہمارے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ہارٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان 39 سال سے ملک میں پھول بانٹ رہے ہیں جو ایک عظیم کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ سوسائٹی کی طرف سے اسلام آباد میں جونمائشیں منعقد کی جاتی ہیں وہ شہریوں کو تفریح اورپر فضا ماحول فراہم کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اس سوسائٹی کا نعرہ” امن پھول کے ذریعے” بھی بڑاخوبصورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کو قدرت نے تمام قدرتی وسائل سے نوازا ہے، ہیمیں ان وسائل کی قدر کرنی چاہیے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نیشنل ہارٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان کے چیئرمین منصور احمد خان نے کہاکہ ہماری سوسائٹی اسلام آباد میں سال میں تین مرتبہ پھولوں کی نمائش کاانعقاد کرتی ہے جس میں شہری کثیر تعداد میں شرکت کرکے اپنے روح کو تسکین بخشتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہماری سوسائٹی کسی ادارے پر مالی طورپر بوجھ نہیں ڈالتی بلکہ جنرل ضیاءالحق کے دور میں بلیو ایریا میں ایک پلازہ دیا گیا تھا جس کی آمدن سے ہم اپنے اخراجات پورے کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ساتھ مل کر کام کریں گے تاکہ کلین اینڈ گرین پاکستان بنانے میں اپنا حصہ ڈال سکیں۔ تقریب کے اختتام پر جیسمین گارڈین میں منعقد ہونے والی نمائش میں پوزیشن حاصل کرنے والے اداروں ایوب پارک ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، جناح پارک، پی اے ایف ہسپتال، اسلام آباد کلب، سرینا ہوٹل، سی ڈی اے، کے آر ایل اور چکلالہ کنٹونمنٹ بورڈ میں ٹرافیاں اور نقد انعامات تقسیم کئے گئے۔