اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ صاف و سرسبز پاکستان ایک قومی پروگرام ہے، اس میں سرکاری و نجی شعبے کی شمولیت حوصلہ افزاء ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی سی ایل) کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ اس اہم قومی مقصد کی حصول کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ وہ منگل کو وزارت موسمیاتی …
وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل کا وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پی ٹی سی ایل کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 26 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل نے کہا ہے کہ صاف و سرسبز پاکستان ایک قومی پروگرام ہے، اس میں سرکاری و نجی شعبے کی شمولیت حوصلہ افزاء ہے، وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی سی ایل) کے درمیان مفاہمت کا سمجھوتہ اس اہم قومی مقصد کی حصول کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ وہ منگل کو وزارت موسمیاتی تبدیلی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن (پی ٹی سی ایل) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ صاف و سرسبز پاکستان وزیراعظم عمران خان کا ویژن ہے اور وہ ملک کیا زیادہ سرسبز، صاف اور ماحول دوست دیکھنا چاہتے ہیں، اس مقصد کے لئے ملک بھر میں جنگلات کی بے دریغ کٹائی کو روکنے کے ساتھ ساتھ زیادہ سے زیادہ شجرکاری کے ذریعے ان کے رقبہ کو بڑھانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ہمیں اس قومی اور انسانی مقصد کے لئے نجی شعبہ کا تعاون بہت اہم ہے اور پی ٹی سی ایل کی اس پروگرام میں شمولیت اس کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی 3 ہزار رضاکاروں کی ٹیم عوامی بہبود کے مختلف کاموں میں مصروف عمل ہیں، یہ افرادی قوت صاف و سبز پاکستان پروگرام میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ زرتاج گل نے پی ٹی سی ایل کی جانب سے آغا شاہی ایونیو ، چاند تارہ چوک اور لاہور کے کسی مقام پر شجرکاری کی تجویز کو سراہتے ہوئے کہا کہ پی ٹی سی ایل کا سماجی ذمہ داری کے پروگرام اہم ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ یہ پروگرام شجرکاری کے لئے مختص ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماحول کے تحفظ کے لئے میڈیا کا کردار بہت اہم ہے اور اس نے حکومت کے صاف و سرسبز پروگرام کو مثبت انداز میں اجاگر کیا ہے۔ اس موقع پر پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد خان نے تقریب کے شرکاء کو حکومت کے صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کی مناسبت سے تعاون کی حکمت عملی سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کے بارے میں آگاہی مہم چلائے گی، اس کے علاوہ ملک کے تمام بڑے شہروں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور الیکٹرک کولرز نصب کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے ملازمین کی تربیت کا بھی اہتمام کرے گی۔ اس موقع پر وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ایڈیشنل سیکرٹری بابر حیات تارڑ نے صاف و سرسبز پاکستان پروگرام کے بارے میں بتایا اور کہا کہ اس میں دس بلین ٹری سونامی کے علاوہ ویسٹ مینجمنٹ، پینے کے صاف پانی کی فراہمی اور مجموعی صفائی ستھرائی پر بھی توجہ دی جائے گی۔








