وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر کی یونیسکو پاکستان کے سربراہ فواد پاشایف سے ملاقات

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے یونیسکو پاکستان کے سربراہ فواد پاشایف سے یونیسکو پاکستان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں تعلیمی شعبے کو درپیش اہم چیلنجز خصوصاً سکول سے باہر بچوں کے مسئلے، انہیں دوبارہ تعلیمی نظام میں لانے کی حکمت عملی اور پاکستان میں نافذ تعلیم ایمرجنسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے …

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت وجیہہ قمر نے یونیسکو پاکستان کے سربراہ فواد پاشایف سے یونیسکو پاکستان کے دفتر میں ملاقات کی جس میں تعلیمی شعبے کو درپیش اہم چیلنجز خصوصاً سکول سے باہر بچوں کے مسئلے، انہیں دوبارہ تعلیمی نظام میں لانے کی حکمت عملی اور پاکستان میں نافذ تعلیم ایمرجنسی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران فریقین نے تعلیم تک رسائی، معیار اور شمولیت سے متعلق رکاوٹوں کے خاتمے کے لئے مربوط اور تیز رفتار اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ وجیہہ قمر نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے اعلان کردہ تعلیمی ایمرجنسی حکومتِ پاکستان کی ترجیح ہے جس کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی بچہ تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم کا وژن قومی ترقی میں تعلیم کو مرکزی حیثیت دیتا ہے جس میں سکول سے باہر بچوں کے اندراج، تعلیمی نتائج کی بہتری اور عالمی معیار کے مطابق ایک مضبوط اور مستحکم تعلیمی نظام کی تشکیل شامل ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت وفاقی تعلیم اس وژن کے مطابق خصوصاً پسماندہ اور محروم طبقات تک تعلیمی رسائی بڑھانے کے لئے کام کر رہی ہے۔یونیسکو پاکستان کے سربراہ فواد پاشایف نے وزیر مملکت کو یونیسکو کے جاری اور آئندہ منصوبوں سے آگاہ کیا جن میں خواندگی کے فروغ، تعلیمی نظام کی مضبوطی، بچیوں کی تعلیم، ہنگامی حالات میں تعلیم کی فراہمی اور اساتذہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ شامل ہیں۔ انہوں نے پائیدار ترقی کے ہدف چار (SDG-4) کے حصول کے لئے پاکستان کے ساتھ یونیسکو کے مسلسل تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔

وجیہہ قمر نے یونیسکو کے تعاون کو سراہتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ مشترکہ کاوشوں کو وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات کے ایجنڈے سے ہم آہنگ کیا جائے۔ انہوں نے تعلیم ایمرجنسی سے مؤثر طور پر نمٹنے کے لئے جدید طریقوں، کمیونٹی کی شمولیت اور ڈیٹا پر مبنی منصوبہ بندی کی اہمیت پر بھی روشنی ڈالی۔ملاقات کے اختتام پر وزارتِ وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور یونیسکو پاکستان کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا تاکہ پاکستان میں ایک جامع، مضبوط اور مستقبل سے ہم آہنگ تعلیمی نظام کے قیام کے لئے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔