وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مخصوص حالات میں آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع دی جاتی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دی گئی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے …

اسلام آباد ۔ 26 نومبر (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ مخصوص حالات میں آرمی چیف کو مدت ملازمت میں توسیع دی جاتی ہے، لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے پیش نظر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو مدت ملازمت میں توسیع دی گئی ہے۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 1971ءکی جنگ کے بعد پہلی مرتبہ بھارت نے پاکستان کا انٹرنیشنل بارڈر عبور کیا ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات بھی سب کے سامنے ہیں اسلئے وزیر اعظم اور کابینہ نے سمجھا کہ ان حالات میں سپہ سالار کو بدلنا مناسب نہیں ہو گا۔ علی محمد خان نے کہا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے وفاقی کابینہ نے باقاعدہ طور پر رول 255 میں ترمیم کی منظوری دے دی ہے، ماضی میں بھی ہمارے سامنے آرمی چیفس کی مدت ملازمت میں توسیع کی مثالیں موجود ہیں اور ہم نے بھی وہی طریقہ کار اپنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے بھارتی جارحیت کے خلاف متفقہ موقف اپنایا تھا اور اب بھی لوگ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے حکومت کی حمایت کر رہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت نے ہمیشہ عدالتی کے فیصلوں کا احترام کیا ہے اور عدلیہ کی آزادی کے لئے جدوجہد بھی کی، سپریم کورٹ نے جو اعتراض لگایا تھا اس کو دور کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور سابقہ حکومتوں کی کارکردگی، دانشمندانہ پالیسیوں اور پروگرامز میں بڑا فرق ہے، ہم ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کے لئے کام کر رہے ہیں۔