وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، وزیر اعظم کا اجلاس سے خطاب، نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے موثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بڑھتی ہوئی آبادی کیلئے موثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو وزیر اعظم کی زیر صدارت بڑھتی ہوئی آبادی کے مسائل پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وفاقی وزیر قومی صحت سید مصطفیٰ کمال ، وزیر مملکت برائے قومی صحت ملک مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس میں بڑھتی ہوئی آبادی کے کیلئے موثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے قومی سطح پر آبادی سے متعلق پالیسی سازی کیلئے نیشنل پاپولیشن کونسل قائم کرنے کا فیصلہ کیا جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔ نیشنل پاپولیشن کونسل میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شامل ہوں گے۔ وزیر اعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے، تیزی سے بڑھتی آبادی سے قومی وسائل پر دبائو بڑھ رہا ہے اور ترقی کیلئے بڑا چیلنج ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات میں بہتری اور متوازن ترقی کے ذریعے سے آبادی کی بڑھتی ہوئی رفتار پر قابو پایا جا سکے ، آبادی کے بہتر نظم و نسق کیلئے ’’ہول آف دی گورنمنٹ اپروچ‘‘ اپنائی جائے ۔ وزیراعظم نے عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی رہنمائوں کی شمولیت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اجلاس کو ملک کی بڑھتی ہوئی آبادی اور کنٹرول و بہبود کے حوالےسے اقدامات پر بریفنگ دی گئی جس میں بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی شرح نمو 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو ایک بڑا چیلنج ہے۔

تمام ہیلتھ مراکز پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات مہیا کرنے سے آبادی پر کنٹرول میں مدد ملے گی۔ بریفنگ کے مطابق سماجی تحفظ کے پروگراموں کو خاندانی منصوبہ بندی سے جوڑا جائے گا ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنانے کا آبادی پر قابو پانے میں اہم کردار ہے، خاندانی منصوبہ بندی پر آگاہی مہم چلائی جا رہی ہے ۔