اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے 2025 کے دوران وفاقی حکومت کے اداروں میں انتظامی بدعنوانی کے خلاف مفت اور فوری انصاف کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔یہاں ہفتے کے روز جاری کیے گئے سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق وفاقی محتسب نے سال بھر میں 261,101 شکایات کا فیصلہ کیا، جن میں سے 96.8 فیصد فیصلوں پر مکمل عملدرآمد ہوا۔ سیکرٹریٹ نے بتایا کہ …
وفاقی حکومت کے اداروں میں انتظامی بدعنوانی کے خلاف مفت اور فوری انصاف کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت

مزید خبریں
اسلام آباد۔3جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے 2025 کے دوران وفاقی حکومت کے اداروں میں انتظامی بدعنوانی کے خلاف مفت اور فوری انصاف کی فراہمی میں نمایاں پیش رفت کی اطلاع دی ہے۔یہاں ہفتے کے روز جاری کیے گئے سرکاری ہینڈ آؤٹ کے مطابق وفاقی محتسب نے سال بھر میں 261,101 شکایات کا فیصلہ کیا، جن میں سے 96.8 فیصد فیصلوں پر مکمل عملدرآمد ہوا۔ سیکرٹریٹ نے بتایا کہ 91 فیصد کیسز قانوناً مقررہ 60 دنوں کی مدت کے اندر نمٹائے گئے۔وفاقی محتسب نے سال کے دوران بیرون ملک مقیم 137,152 پاکستانیوں کے مسائل بھی حل کئےجس سے بیرون ملک رہائش پذیر شہریوں کو بروقت ریلیف یقینی بنایا گیا۔
عوام کو انصاف کی آسان رسائی فراہم کرنے کے لیے وفاقی محتسب نے 166 کھلی کچہریاں منعقد کیں اور 232 آؤٹ ریچ کمپلینٹ ریزولیوشن (او سی آر) پروگرامز کا انعقاد کیا،جس سے ہزاروں شکایت کنندگان کو اپنے گھر کی دہلیز پر انصاف ملا۔ اس کے علاوہ "انفارمل ریزولیوشن آف ڈسپیوٹس” (آئی آر ڈی) پروگرام کے تحت 7,356 شکایات کو باہمی رضامندی سے حل کیا گیا۔مجموعی طور پر، وفاقی محتسب نے 2025 میں 400,000 سے زائد شکایت کنندگان کو ریلیف فراہم کیا۔ سال کے دوران جاری کیے گئے فیصلوں کی مجموعی مالی قدر 10.2 ارب روپے تھی، جو تمام شکایت کنندگان کو بالکل مفت فراہم کی گئی۔
ترجمان کے مطابق یہ اقدامات وفاقی محتسب کے ایجنڈے کا اہم حصہ ہیں جو وفاقی اداروں میں شفافیت، احتساب اور اچھی گورننس کو فروغ دینے کے لیے ہیں۔ وفاقی محتسب حکومت کے محکموں کے خلاف شکایات کے حل کے لیے ایک عوامی فورم کے طور پر کام جاری رکھے ہوئے ہے۔ادارے کے اندر الگ الگ کمپلینٹس کمشنرز بیرون ملک پاکستانیوں اور بچوں سے متعلق کیسز کو خصوصی طور پر نمٹانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
سیکرٹریٹ نے دوبارہ تاکید کی کہ کوئی بھی شہری وفاقی حکومت کے اداروں میں انتظامی بدعنوانی کے خلاف شکایت درج کر سکتا ہے۔ شکایت درج کرانے کی کوئی فیس نہیں ہے، اور قانونی نمائندگی کی ضرورت نہیں۔ تمام شکایات 60 دنوں کے اندر فیصلہ کی جاتی ہیں۔مدد کے لیے، شہری ہیلپ لائن 1055 کے ذریعے وفاقی محتسب سے رابطہ کر سکتے ہیں، جبکہ بچوں سے متعلق شکایات ہیلپ لائن 1056 پر رجسٹر کی جا سکتی ہیں۔ شکایات گھر بیٹھے پوسٹ، ای میل، موبائل ایپلیکیشن یا آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی جمع کروائی جا سکتی ہیں۔








