وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس نے بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس کا بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز
اسلام آباد۔15اپریل (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اسلام آباد پولیس نے بڑے پیمانے پر گرینڈ کومبنگ سرچ آپریشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ آئی جی اسلام آباد کے احکامات پر شہر کے مختلف علاقوں میں یہ کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔پولیس ترجمان کے مطابق تھانہ ترنول، تھانہ کھنہ، تھانہ آبپارہ، تھانہ شمس کالونی، تھانہ سمبل، تھانہ سہالہ اور تھانہ شہزاد ٹاؤن کے علاقوں میں سرچ آپریشنز کیے گئے۔ یہ آپریشنز زونل ایس پیز کی زیر نگرانی مکمل کیے گئے جن میں لیڈیز پولیس نے بھی بھرپور حصہ لیا۔پولیس کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران 802 افراد اور 406 گھروں کی چیکنگ کی گئی، جبکہ 115 دکانوں اور 26 ہوٹلز کی بھی جانچ پڑتال کی گئی۔ اسی طرح 276 موٹر سائیکلوں اور 106 گاڑیوں کو چیک کیا گیا ۔ کارروائیوں کے دوران 17 مشکوک افراد، ایک گاڑی اور 36 موٹر سائیکلوں کو مزید تفتیش کےلئے متعلقہ تھانوں میں منتقل کیا گیا۔ پولیس نے غیر قانونی اسلحہ رکھنے والے ملزمان کو گرفتار کر کے 2 بندوقیں بمعہ ایمونیشن برآمد کر لیں، جبکہ منشیات فروشی میں ملوث افراد سے 333 گرام آئس بھی برآمد کی گئی۔شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر مؤثر نگرانی کے لئے خصوصی چیکنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام پٹرولنگ یونٹس اور خصوصی سکواڈ شہر بھر میں مسلسل گشت کر رہے ہیں۔ سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔اسلام آباد پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ چیکنگ کے دوران پولیس سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع دیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔









