وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش ، شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ میں متحرک عملہ تعینات

وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش ، شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ میں متحرک عملہ تعینات

اسلام آباد۔2مئی (اے پی پی):وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش کے باعث ضلعی انتظامیہ نے ہنگامی اقدامات تیز کر دئیے، شہر کے مختلف علاقوں میں نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے فیلڈ میں متحرک عملہ تعینات کر دیا گیا۔ترجمان ضلعی انتظامیہ کے مطابق تمام افسران صورتحال کی نگرانی کے لیے فیلڈ میں موجود ہیں جبکہ سینیٹیشن عملہ واٹر پمپس اور دیگر مشینری کے ذریعے نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی میں مصروف ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کی جانب سے نشیبی علاقوں اور نالوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔ ڈی واٹرنگ پمپس کے ذریعے پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق ٹریفک پولیس کے ساتھ قریبی رابطے میں رہتے ہوئے شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔