وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں سیکھنے میں مشکلات کا شکار طلبہ کے لیے ریمیڈیل تھراپی سروسز فراہم کرنے کا ایک اہم اور انقلابی منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام ایسے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے
وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں ریمیڈیل تھراپی سروسز فراہم کرنے کا منصوبہ شروع

مزید خبریں
اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے وفاقی دارالحکومت کے سرکاری سکولوں میں سیکھنے میں مشکلات کا شکار طلبہ کے لیے ریمیڈیل تھراپی سروسز فراہم کرنے کا ایک اہم اور انقلابی منصوبہ شروع کر دیا ہے۔ یہ اقدام ایسے طلبہ کی تعلیمی ضروریات پوری کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ وزارت کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس کے تحت 60 ماہر ریمیڈیل تھراپسٹ مختلف سرکاری تعلیمی اداروں میں تعینات کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے لیے دو سال تک ایک پیشہ ور سروس فراہم کنندہ کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی تاکہ خدمات کو مؤثر اور پائیدار بنایا جا سکے۔ منصوبے کے تحت طلبہ کی ابتدائی سکریننگ، انفرادی بنیادوں پر تفصیلی جائزہ (اسیسمنٹ) اور بعد ازاں مخصوص تھراپی فراہم کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی صلاحیتوں میں اضافہ بھی کیا جائے گا تاکہ وہ مستقبل میں ایسے طلبہ کی بہتر رہنمائی کر سکیں اور اس نظام کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھا جا سکے۔تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اقدام نہ صرف سیکھنے میں مشکلات کا شکار بچوں کے لیے مددگار ثابت ہوگا بلکہ انہیں اپنی مکمل صلاحیتوں کے مطابق آگے بڑھنے کے مواقع بھی فراہم کرے گا۔ اس منصوبے سے تعلیمی نظام میں شمولیت اور مساوی مواقع کو فروغ ملے گا، جو ایک مثبت اور دیرپا تبدیلی کی بنیاد بن سکتا ہے۔








