چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب اور نیب کے درمیان باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔
وفاقی محتسب اور نیب کے درمیان تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں، ان سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے، چیئرمین نیب

مزید خبریں
اسلام آباد۔22جولائی (اے پی پی):چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد بٹ نے کہا ہے کہ وفاقی محتسب اور نیب کے درمیان باہمی تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور فائدہ اٹھایا جانا چاہیے۔بدھ کو وفاقی محتسب سیکریٹریٹ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق چیئرمین نیب نے یہ بات وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ سے ان کے دفتر میں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں دونوں اداروں کے سربراہان نے ملک میں شفافیت، احتساب اور گڈ گورننس کے فروغ کے لیے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
وفاقی محتسب نوید کامران بلوچ نے اس موقع پر بتایا کہ ان کا ادارہ سرکاری اداروں میں بدانتظامی کے خلاف شکایات کے ازالے میں موثر کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب نے سال 2025ء کے دوران دو لاکھ 61 ہزار سے زائد شکایات کے فیصلے کیے جبکہ توقع ہے کہ رواں سال یہ تعداد دو لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے دور دراز علاقوں میں عوام کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے وفاقی محتسب کے علاقائی دفاتر 28 شہروں میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔
چیئرمین نیب نے وفاقی محتسب کے ادارے کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ شفافیت، احتساب اور موثر طرز حکمرانی کے فروغ کے لیے دونوں ادارے باہمی تعاون کو مزید مستحکم کریں گے۔








