وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ نے منگل کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جس میں انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ کی سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):وفاقی محتسب پاکستان نوید کامران بلوچ نے منگل کو سپریم کورٹ میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے ملاقات کی، جس میں انصاف تک رسائی، ادارہ جاتی تعاون اور عوامی شکایات کے ازالے کے نظام کو مؤثر بنانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں شہریوں کو بروقت اور مؤثر ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے کے طریقوں پر گفتگو کی گئی۔چیف جسٹس نے شہریوں کو بدانتظامی کے خلاف فوری اور کم لاگت انصاف فراہم کرنے میں وفاقی محتسب کے دفتر کے کردار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ شکایات کے ازالے کے مؤثر نظام نہ صرف عدالتی نظام پر بوجھ کم کرنے میں معاون ہوتے ہیں بلکہ ریاستی اداروں پر عوامی اعتماد کو بھی مضبوط بناتے ہیں۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ شفافیت، جوابدہی اور عوام دوست طرزِ حکمرانی کے فروغ کے لیے اداروں کے درمیان مسلسل رابطہ اور تعاون ضروری ہے۔گفتگو کے دوران ادارہ جاتی روابط کو مزید مضبوط بنانے اور عوام کو دستیاب شکایتی فورمز سے متعلق آگاہی بڑھانے کے مختلف پہلوؤں پر بھی غور کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر انصاف تک رسائی بہتر بنانے اور نظامِ انصاف پر عوامی اعتماد کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔








