وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ پر موجود وفاقی اداروں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم کا اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ، مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا

مزید خبریں
اسلام آباد۔8ستمبر (اے پی پی):وفاقی محتسب کی معائنہ ٹیم نے اسلام آباد ایئرپورٹ کا دورہ کرتے ہوئے مسافروں کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا اور ایئرپورٹ پر موجود وفاقی اداروں کے درمیان رابطہ اور کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے کی ہدایت کی۔
وفاقی محتسب کے ترجمان کے مطابق سینئر ایڈوائزر احمد فاروق کی سربراہی میں ایڈوائزر میجر جنرل (ر) ہارون سکندر پاشا، کنسلٹنٹ پرویز حلیم راجپوت اور کنسلٹنٹ خالد سیال پر مشتمل ٹیم نے ایئرپورٹ کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور مسافروں سے ملاقات کرکے ان کی شکایات سنیں۔معائنہ ٹیم کو بتایا گیا کہ بیرون ملک جانے والے مسافروں کی زیادہ تر شکایات امیگریشن میں غیر معمولی تاخیر، ایف آئی اے، اے ایس ایف، اے این ایف اور کسٹمز عملے کی جانب سے مبینہ طور پر ناجائز تنگ کیے جانے، سامان کی تاخیر سے آمد اور واش رومز کی ناقص حالت سے متعلق ہیں۔ٹیم نے مشاہدہ کیا کہ بزرگ شہریوں اور وہیل چیئر استعمال کرنے والے مسافروں کے لیے مختص کائونٹرز پر نمائندے موجود نہیں تھے۔
ٹیم سربراہ نے ایئرپورٹ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بزرگ شہریوں اور خواتین کے لیے مختص کائونٹرز پر ہر وقت نمائندوں کی موجودگی یقینی بنائی جائے اور مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں۔ترجمان کے مطابق معائنہ ٹیم نے گزشتہ دوروں کے دوران دی گئی سفارشات پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور بعض ہدایات پر تاحال عمل درآمد نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔ ٹیم نے کارگو آفس کے باہر مسافروں کے بیٹھنے کے مناسب انتظامات، کیفے ٹیریا اور بینک برانچ کے قیام کی ہدایت کی تھی تاہم ان سفارشات پر تاحال عملدرآمد نہیں کیا گیا۔ٹیم سربراہ نے کارگو سینٹر میں ایک ہفتے کے اندر بینکنگ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ٹیم کو بتایا گیا کہ اب کسی مسافر کو ٹھوس وجوہات اور شواہد فراہم کیے بغیر آف لوڈ نہیں کیا جا رہا جبکہ آف لوڈ کیے جانے والے مسافروں کو وجوہات اور شواہد تحریری طور پر فراہم کرنے کے ساتھ مکمل ریکارڈ بھی مرتب کیا جا رہا ہے۔
ایئرپورٹ کی کینٹین اور سٹورز میں اشیائے ضروریہ کے مبینہ طور پر زائد نرخوں کی شکایات پر انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ اشیا کے مارکیٹ ریٹس اور ایئرپورٹ پر مقررہ نرخوں کی فہرست نمایاں جگہ پر آویزاں کی جائے۔معائنہ ٹیم نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کے لیے قائم یکجا سہولتی ڈیسک کا بھی دورہ کیا اور وہاں موجود 12 وفاقی ایجنسیوں کے ذمہ داران سے شکایات کی نوعیت بارے معلومات حاصل کرنے کے علاوہ شکایات اور حاضری رجسٹر بھی چیک کیے۔بعد ازاں ٹیم نے ایئرپورٹ پر موجود وفاقی اداروں کے سربراہان کے ساتھ اجلاس کیا اور متعلقہ اداروں کے مقامی سربراہان کو مسافروں بالخصوص بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔معائنہ ٹیم نے اپنے دورے کی ابتدائی رپورٹ وفاقی محتسب کو پیش کر دی ہے۔







