وفاقی محتسب کے ادارے نے سرکاری دفاتر اور محکموں میں شفافیت، جوابدہی، گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ، اعجاز احمد قریشی

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب کا ادارہ افسران اور عملے کی مسلسل محنت، لگن اور کاوشوں کی بدولت یہ ادارہ ملک میں گڈ گورننس کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہےجس پر عوام کا بھرپور اعتماد قائم ہو چکا ہے۔ یہ بات وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے ادارے کے قیام کے 43 برس مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ وفاقی محتسب نے کہا …

اسلام آباد۔23جنوری (اے پی پی):وفاقی محتسب کا ادارہ افسران اور عملے کی مسلسل محنت، لگن اور کاوشوں کی بدولت یہ ادارہ ملک میں گڈ گورننس کی ایک نمایاں مثال بن کر سامنے آیا ہےجس پر عوام کا بھرپور اعتماد قائم ہو چکا ہے۔ یہ بات وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے ادارے کے قیام کے 43 برس مکمل ہونے کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی۔ وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے نے سرکاری دفاتر اور محکموں میں شفافیت، جوابدہی، گڈ گورننس اور قانون کی حکمرانی کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی محتسب نے کہا کہ ادارے نے اپنی رسائی بڑھانے کے لیے مسلسل اقدامات کیے تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر انصاف کی فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ 43 سالہ سفر کے دوران وفاقی محتسب کا ادارہ ساڑھے 25 لاکھ سے زائد خاندانوں کو ریلیف فراہم کر چکا ہے، جن کی اکثریت کا تعلق معاشرے کے پسے ہوئے طبقات اور ملک کے دور دراز علاقوں سے ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سال 2025ء کے دوران وفاقی محتسب نے 2 لاکھ 61 ہزار 101 شکایات کے فیصلے کیے۔ شکایات کی تعداد میں مسلسل اضافہ نئے علاقائی دفاتر کے قیام، کھلی کچہریوں کے انعقاد اور آئی آر ڈی جیسے اقدامات کا نتیجہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاقی محتسب پر عوامی اعتماد میں روزافزوں اضافہ ہو رہا ہے۔وفاقی محتسب اعجاز احمد قریشی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادارہ بدانتظامی کے خاتمے، گڈ گورننس کے قیام، قانون کی حکمرانی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی محتسب آج جس مقام پر فائز ہے، وہ صدر دفتر اور علاقائی دفاتر میں خدمات انجام دینے والے افسران اور عملے کی انتھک محنت کے بغیر ممکن نہ تھا۔انہوں نے افسران اور عملے پر زور دیا کہ وہ عوامی شکایات کے فوری اور مؤثر ازالے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کریں۔ وفاقی محتسب نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آنے والے دنوں میں وفاقی محتسب کا ادارہ مزید مضبوط اور مؤثر ہوتا چلا جائے گا۔