اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور جونیئر جناح ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہے‘‘ مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد یونین کونسل وائز کارپٹ کوریج کے ذریعے آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے …
وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور جونیئر جناح ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہے‘‘ مہم کی افتتاحی تقریب کا انعقاد

مزید خبریں
اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):وفاقی وزارتِ تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت اور جونیئر جناح ٹرسٹ کے زیر اہتمام ’’کوئی بچہ پیچھے نہ رہے‘‘ مہم کی افتتاحی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا مقصد یونین کونسل وائز کارپٹ کوریج کے ذریعے آؤٹ آف سکول بچوں کو تعلیمی دھارے میں شامل کرنا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تعلیمی اشاریوں کو بہتر بنانے کے لئے تمام متعلقہ اداروں، این جی اوز اور حکومتی تنظیموں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ علم کی روشنی ہر گھر تک پہنچائیں گے کیونکہ تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ راستہ تعلیم، تربیت، ہنر اور آگہی کا راستہ ہے اور اس کے سوا کوئی متبادل نہیں،جب تک ہم ایک ایک بچے کو وہی سہولیات فراہم نہیں کرتے جو متوسط گھرانوں کے بچوں کو میسر ہیں، اس وقت تک ہم اپنے قومی خواب کی تعبیر حاصل نہیں کر سکتے۔سیکرٹری تعلیم ندیم محبوب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ مارچ اور اپریل میں نئے تعلیمی سال کے آغاز کے پیش نظر اس مہم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ سروے کے ذریعے نشاندہی کئے گئے بچوں کو فوری طور پر انرول کر کے انہیں تعلیمی سال کے ساتھ منسلک کیا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی ہر یونین کونسل میں آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ کوئی بھی بچہ تعلیم کے حق سے محروم نہ رہے۔وفاقی وزیر نے جونیئر جناح ٹرسٹ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اسے خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ تعلیم ہر گھر کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر نے آؤٹ آف سکول بچوں میں سکول بیگز بھی تقسیم کئے اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ سب مل کر علم کا پودا لگائیں گے تاکہ گھر گھر تعلیم کی روشنی پھیلے اور واقعی کوئی بچہ پیچھے نہ رہے۔








