وفاقی وزیرانجینئر امیر مقام سےآل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات، حکومت اور اخباری صنعت کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے آزاد جموں و کشمیر کے اخباری مالکان کی نمائندہ تنظیم آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس ) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی۔

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام سے آزاد جموں و کشمیر کے اخباری مالکان کی نمائندہ تنظیم آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی (اے کے این ایس ) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے اہم ملاقات کی۔ ملاقات میں آزاد کشمیر سے شائع ہونے والے اخبارات کو درپیش مالی، انتظامی اور پالیسی نوعیت کے مسائل پر تفصیلی اور نتیجہ خیز تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں حکومت اور اخباری صنعت کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اے کے این ایس کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار حسین بٹ کی قیادت میں وفد میں سینئر صحافتی شخصیات نصیر انور، سردار جاوید اقبال، سرفراز میر اور ہمراز چوہدری شامل تھے۔ جمعرات کو جاری ایک پریس ریلیز کے مطابق آل کشمیر نیوز پیپرز سوسائٹی کے وفد نے وفاقی وزیر کو آزاد کشمیر کے اخبارات کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ محدود وسائل، اشتہارات کے کوٹہ میں کمی اور بقایا واجبات کی عدم ادائیگی جیسے مسائل اخباری صنعت کی بقاء کے لئے خطرہ بن رہے ہیں۔اس موقع پر وفاقی وزیر امیر مقام نے وفد کے تحفظات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ حکومت آزاد کشمیر کے اخبارات اور صحافیوں کے مسائل کے حل کے لئے سنجیدہ اور عملی اقدامات اٹھائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی اخبارات تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں نہایت اہم کردار ادا کر رہے ہیں جسے حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان کشمیری عوام کے مسائل کے حل اور تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لئے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت میں اختیار کی گئی مؤثر سفارتی اور دفاعی حکمت عملی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا ہے۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جس میں حکومت اور اخباری مالکان کے درمیان مضبوط، مثبت اور تعمیری تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔