وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے سہولت فراہم کرنے والی سٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس

اسلام آباد۔26جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے ملکی برآمدات کے فروغ میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی صنعت کو اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے آئی ٹی کی صنعت کو اس ضمن میں حکومت کے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔انہوں نے یہ یقین دہانی جمعرات کویہاں آئی ٹی سیکٹر کے فروغ کیلئے سہولت فراہم کرنے والی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کرائی ۔

وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سید امین الحق نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی ۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ، گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری آئی ٹی، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایس ای سی پی، وی سی ہزارہ یونیورسٹی، ایم ڈی پی ایس ای بی جنید ایمان، چیئرمین پی ایس ایچ اے، زوہیب خان، کانٹوور پرائیویٹ کے سی ای او بلال محمود، ایف بی آر اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران اور سرکردہ آئی ٹی ایکسپورٹرز نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس میں 5 جنوری 2023 کو آئی ٹی کی برآمدات بڑھانے کے لیے ہونے والی میٹنگ میں وزیراعظم کی طرف سے دی گئی ہدایات پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ آئی ٹی انڈسٹری کے نمائندوں نے کاروبار کرنے میں آسانی اور صنعت کو درپیش کاروبار کرنے کی لاگت پر تبادلہ خیال کیا اور فوری مسائل کے حل کے لیے وزیر خزانہ کو سفارشات پیش کیں ۔ آئی ٹی صنعت کے نمائندوں نے وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی توجہ کی تائید کی اور آئی ٹی کے شعبے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی کوششوں کو سراہا۔

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آئی ٹی انڈسٹری کو تحفظات دور کرنے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے وزیر سید امین الحق نے وزیر خزانہ کی مخلصانہ کوششوں اور غیر متزلزل حمایت کو سراہا ۔انہوں نے وزارت آئی ٹی اور ٹیلی کمیونیکیشن کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور آئی ٹی کی برآمدات میں اضافے کے لیے آئی ٹی کی صنعت پر اپنے اعتماد کا اعادہ کیا۔