وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات
وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی کی بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات

مزید خبریں
ڈھاکہ۔9مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ و نارکوٹکس کنٹرول محسن نقوی نے بنگلہ دیش کے وزیر داخلہ صلاح الدین احمد سے ملاقات کی ہے، وزرائے داخلہ نے دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان سیکرٹری لیول جوائنٹ ورکنگ گروپ تشکیل دینے پر اتفاق کیا ۔
اس موقع پر پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان منشیات کی سمگلنگ و استعمال اور نشہ آور اشیاء کی روک تھام میں تعاون کے لیے تاریخی معاہدے پر دستخط بھی کئے گئے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے حکومت پاکستان جبکہ وزیر داخلہ صلاح الدین احمد نے بنگلہ دیشی حکومت کی جانب سے معاہدہ پر دستخط کئے ۔
ایم او یو کے تحت دونوں ممالک منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور سمگلنگ کو روکنے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے،معاشرہ میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان اور اس کے منفی اثرات کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جائیں گی،منشیات کی غیر قانونی فروخت اور سپلائی لائن کو توڑنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی وضع کی جائے گی ،دونوں ممالک کی متعلقہ ایجنسیاں منشیات کے سمگلروں اور نیٹ ورکس کے بارے بروقت معلومات کا تبادلہ کریں گی۔
مزید برآں اہلکاروں کی تربیت، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور منشیات کی روک تھام کے لیے بہترین طریقہ کار کو ایک دوسرے کے ساتھ شیئر کیا جائے گا ۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کے دوران بنگلہ دیشی ہم منصب کو سیف سٹی پراجیکٹ میں مکمل تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ بنگلہ دیش کی حکومت کو سیف سٹی پراجیکٹ میں ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے۔
ملاقات میں پاک بنگلہ دیش دوطرفہ تعلقات۔ انٹرنل سکیورٹی اور سول آرمڈ فورسز کی ٹریننگ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ وزرائے داخلہ نے انسداد دہشت گردی اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے اشتراک کے فروغ اور انسداد دہشت گردی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
سائبر کرائمزم منظم جرائم اور مالیاتی فراڈ کے حوالے سے باہمی تعاون بڑھانے سمیت پولیس اکیڈمیز میں آفیسرز کے لیے ٹریننگ پروگرامز میں تعاون پر بھی بات چیت کی گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بنگلہ دیشی ہم منصب کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی ۔بنگلہ دیشی وزیر داخلہ نے سیف سٹی پراجیکٹ کے لئے تعاون کی پیشکش پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ اداکیا۔
بنگلہ دیش حکومت کے سیکرٹری خارجہ اسد عالم صائم،سیکرٹری کابینہ نسیم الغنی،سیکرٹری داخلہ منظور چوہدری اور بنگلہ دیش میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران حیدر بھی اس موقع پر موجود تھے۔








