وفاقی وزیرسردارمحمدیوسف کاقاہرہ میں پاکستانی سفارتخانہ کا دورہ،جامعہ الازہر میں زیرتعلیم پاکستانی طلبا سے ملاقات؛ سکالرشپس اور تعلیمی مسائل پر اہم گفتگو

قاہرہ ۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے جامعہ الازہر میں زیرِ تعلیم 254 پاکستانی طلباء کے نمائندہ وفد سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے تعلیمی و فلاحی امور کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ الازہر کی عالمی …

قاہرہ ۔21جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں پاکستانی سفارت خانے کا دورہ کیا۔دورے کے دوران انہوں نے جامعہ الازہر میں زیرِ تعلیم 254 پاکستانی طلباء کے نمائندہ وفد سے خصوصی ملاقات کی اور ان کے تعلیمی و فلاحی امور کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزیر نے طلباء سے گفتگو کرتے ہوئے جامعہ الازہر کی عالمی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہاکہ جامعہ الازہر عالمِ اسلام کے لیے ایک مرکزی علمی محور ہے اور فتوٰی کے حوالے سے اسے پوری دنیا میں ایک مسلمہ حیثیت حاصل ہے، آپ خوش قسمت ہیں کہ اس تاریخی اور لازوال ادارے کا حصہ ہیں۔ سردار محمد یوسف نے طلباء کو تاکید کی کہ وہ یہاں سے حاصل کردہ تعلیمات کو نہ صرف اپنی ذات بلکہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ آپ سب مصر میں پاکستان کے سفیر ہیں، آپ کا کردار ملک کا نام روشن کرنے میں کلیدی ہے،آپ لوگ حاصل کردہ دینی و دنیاوی تعلیمات کو معاشرے میں اعتدال اور فروغِ علم کے لیے بروئے کار لائیں۔طلباء نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی بھرپور حصہ لیں تاکہ پاکستان کا روشن اور مثبت تشخص اجاگر ہو۔

 

وفاقی وزیر نے فرداً فرداً طلباء سے ان کے تدریسی عمل اور درپیش مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے اپنے مصری ہم منصب سے ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی طلباء کے اسکالرشپس کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے۔ طلباء نے اپنی تعلیمی ضروریات اور انتظامی امور سے متعلق چند سفارشات بھی پیش کیں، جس پر وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وزارتِ مذہبی امور طلباء کو پیش آنے والے تمام مسائل کے تدارک کے لیے بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔

جامعہ الازہر میں تعلیمی انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے لیے تجاویز پر سنجیدگی سے عمل کیا جائے گا۔ ملاقات کے اختتام پر وفاقی وزیر نے سفارتخانہ پاکستان میں معزز مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ انہوں نے سفارت خانے کی جانب سے طلباء کی دیکھ بھال اور پاک-مصر تعلیمی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششوں کو سراہا۔