وفاقی وزیرِ داخلہ سے امارا تی وفد کی ملاقات، امیگریشن عمل مزید آسان بنانے پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز و پورٹ سکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-یو اے ای تعلقات، باہمی تعاون اور مسافروں کے لئے امیگریشن عمل مزید آسان بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان …

اسلام آباد۔13جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی سے ڈائریکٹر جنرل کسٹمز و پورٹ سکیورٹی احمد بن لاحج الفلاسی کی سربراہی میں متحدہ عرب امارات کے وفد نے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاک-یو اے ای تعلقات، باہمی تعاون اور مسافروں کے لئے امیگریشن عمل مزید آسان بنانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ’’پری امیگریشن کلیئرنس‘‘ کے حوالے سے باضابطہ معاہدہ کیا جائے گا۔ اس نئے نظام کا آغاز ابتدائی طور پر پائلٹ بنیادوں پر کیا جائے گاجبکہ پائلٹ منصوبے کا آغاز کراچی سے پہلے مرحلے میں کیا جائے گا۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پری امیگریشن کلیئرنس کے تحت مسافروں کی امیگریشن اور متعلقہ کلیئرنس پاکستان ہی میں مکمل کی جائے گی اور اس نظام کے نفاذ کے بعد جب مسافر متحدہ عرب امارات پہنچیں گے تو انہیں امیگریشن کی طویل کارروائی سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ ڈومیسٹک مسافر کی طرح سیدھا ایئرپورٹ سے باہر نکل سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے سفر میں سہولت، وقت کی بچت اور مسافروں کے لئے مجموعی تجربہ بہتر ہو گا۔

یو اے ای وفد نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے عوام کے لئے مفید قرار دیتے ہوئے تعاون کے عزم کا اظہار کیا۔ملاقات میں طے پایا گیا کہ پائلٹ منصوبے کے انتظامی و تکنیکی معاملات کو حتمی شکل دینے کے لئے متعلقہ حکام رابطہ کاری جاری رکھیں گےاور کامیاب پائلٹ کے بعد اس نظام کو بتدریج مزید مقامات تک توسیع دی جائے گی۔ وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن جما عبداللہ القابی، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایئرپورٹس حماد سیف المشغونی اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔ملاقات میں وزیرِ مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا بھی موجود تھے۔

 

مزید خبریں