وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے کویت کے سفیر کی ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسم المطیری نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔30مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں کویت کے سفیر ناصر عبدالرحمان جاسم المطیری نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، توانائی کے شعبے میں تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کویت پٹرولیم کارپوریشن ( کے پی سی) کی جانب سے پاکستانی پرچم بردار جہازوں کو کویت سے ڈیزل اور جیٹ فیول کی ممکنہ درآمد کے لئے مکمل سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی پر شکریہ ادا کیا۔وفاقی وزیر نے عالمی اور علاقائی چیلنجز کے باوجود پاکستان کی مسلسل حمایت کا اعتراف کیا اور پاکستان کی توانائی کی سلامتی میں کویت کے کردار کو سراہا۔انہوں نے سفیر سے درخواست کی کہ وہ کویت کے وزیرِ تیل طارق سلیمان احمد الرومی اور کے پی سی کے سی ای او شیخ نواف الصباح تک ان کا نیک تمناؤں کا پیغام پہنچائیں۔ ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے پاکستان اور کویت کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات نہ صرف دیرینہ ہیں بلکہ دلوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ پانچ دہائیوں سے پاکستان کویت سے بالخصوص ڈیزل سمیت پٹرولیم مصنوعات خرید رہا ہےجو دونوں ممالک کے درمیان اعتماد اور شراکت داری کا مظہر ہے۔علاقائی امن و استحکام کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تمام برادر ممالک میں امن اور استحکام دیکھنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف تنازعات کے پرامن حل کے لئے سرگرم عمل ہیں اور خلیجی تعاون کونسل ( جی سی سی) کے ممالک کی ضروریات کے مطابق خوراک اور دیگر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کے اقدامات کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔کویت کے سفیر نے امن کے فروغ میں پاکستان کے مثبت کردار پر شکریہ ادا کیا۔انہوں نے پاکستان کے عوام، حکومت اور مسلح افواج کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نےمشکل حالات میں طاقت کے استعمال کو مسترد کرتے ہوئے پرامن حل کو فروغ دینے میں قیادت کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کویت پاکستان کی کاوشوں پر فخر کرتا ہے اور ان کی کامیابی کے لئے دعاگو ہے۔ انہوں نے پاکستان کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پاکستان اور کویت نےتوانائی کے شعبے سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا اور قریبی روابط برقرار رکھنے پر اتفاق کیا۔