وفاقی وزیر آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں اور مسائل سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مخلص اور ایماندارانہ قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، منگائی اور بحرانوں کا جلد خاتمہ ہو گا، مولانا فضل الرحمان 50 مارچ کر لیں کچھ نہیں ہو گا، حکومت …

اسلام آباد ۔ 18 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان ملک کو بحرانوں اور مسائل سے نکالنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں، وزیراعظم کی مخلص اور ایماندارانہ قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے، منگائی اور بحرانوں کا جلد خاتمہ ہو گا، مولانا فضل الرحمان 50 مارچ کر لیں کچھ نہیں ہو گا، حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت پورے کرے گی ۔ منگل کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مافیا پر ہاتھ ڈالنا آسان کام نہیں تھا لیکن وزیراعظم عمران خان نے یہ کر دکھایا، مافیا حکومت کیلئے مسائل پیدا کرنے کیلئے ہر حربے استعمال کر رہا ہے جس کی وجہ سے وقتی مشکلات آ رہی ہیں، عوام کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، حکومت چینی اور آٹے سمیت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت کے پہلے دو سالوں کے دوران بدعنوانی کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا جو حکومت کی بڑی کامیابی ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ موجودہ حکومت بدعنوان عناصر کے خلاف بلاتفریق احتساب اور ملک میں قانون کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، اگر حکومتی ارکان بھی بدعنوانی میں ملوث پائے گئے تو ان کا دفاع نہیں کیا جائے گا۔ کراچی کی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ حکومت کی تعصبی سیاست کی وجہ سے شہر کے مسائل بڑھے ہیں، وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر ہنگامی بنیادوں پر کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اتحادی جماعتوں کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، اتحادیوں کے جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تاجروں اور صنعتکاروں کو ساتھ لیکر چل رہی ہے، کاروں کی فروخت میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ فیصل واوڈا نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں عوام کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہیں، نیب نے مریم نواز کو بدعنوانی سے متعلق جواب دینے کیلئے بلایا تو اس نے قومی ادارے پر پتھراﺅ کرایا۔