وفاقی وزیر اسد عمر کی زیر صدارت کراچی میں پانی کے مسائل کے حوالہ سے اجلاس

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کراچی کو فوری طور پر پانی کی فراہمی کےلئے مختصر اور وسط مدتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوکراچی میں پانی کے مسائل کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران کے۔ IV واٹر سپلائی …

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے کراچی کو فوری طور پر پانی کی فراہمی کےلئے مختصر اور وسط مدتی حل کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کوکراچی میں پانی کے مسائل کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران کے۔ IV واٹر سپلائی منصوبے کی موجودہ صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری پلاننگ ظفر حسن، چیئرپرسن پی اینڈ ڈی بورڈ سندھ ناہید ایس درانی اور وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے سینئر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اسد عمر نے کہا کہ وفاقی حکومت کراچی کے رہائشیوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے امور کو حل کرنے کےلئے صوبائی حکومت کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گی اور اس سلسلہ میں ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہر میں پانی کی قلت کے مسئلہ کو مستقل طور پر حل کرنے کےلئے ایک مضبوط حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ چیئرپرسن پی اینڈ ڈی بورڈ ناہید ایس درانی نے K-IV منصوبے پر حکومت سندھ کی جانب سے اس منصوبہ کو آگے بڑھانے کےلئے کی جانے والی کوششوں کی وضاحت کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ شہر کو واٹر سپلائی بڑھانے کےلئے مختلف اختیارات پر کام کر رہے ہیں تاکہ اس کی گھریلو اور صنعتی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔