وفاقی وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں سینکڑوں قیمتی درختوں کی کٹائی کا نوٹس لےلیا،ذمہ داروں کےخلاف کارروائی کی جائےگی،مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔15جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے ریڈیو پاکستان راولپنڈی میں سینکڑوں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے ذمہ داروں کا تعین کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی، بلین ٹری سونامی کے دعوئوں میں قدیم اور قیمتی درختوں کی کٹائی کیسے ہوئی، حقائق قوم کے سامنے لائیں گے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلین ٹری سونامی ریڈیو پاکستان کے درخت کھا گئی، بلین ٹری کرپشن سونامی سے ریڈیو پاکستان کے درختوں کی کٹائی کے ثبوت برآمد ہوئے ہیں، بظاہر لگتا ہے کہ یہ ساری کارروائی مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بغیر عمل میں آئی، وزیر اطلاعات نے متعلقہ حکام سے فوری طور پر معاملے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے وفاقی سیکرٹری اطلاعات کو قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس کی مکمل کارروائی کے منٹس اور ریڈیو پاکستان کی تحقیقاتی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاق اور پنجاب کی ماحولیاتی تحفظ کی ایجنسیوں اور راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا، درختوں کی اقسام، ان کی عمروں، ان کی مارکیٹ قیمتوں کے تعین کے لئے ماہرین کی مدد نہیں لی گئی، آم، شیشم، شہتوت، ریٹھا اور شاہ بلوط سمیت 600 سے زائد درختوں کی کٹائی سنگین معاملہ ہے، ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔