وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات بیرسٹر سید علی ظفر کا نیکٹا کے زیراہتمام دو روزہ قومی یوتھ کانفرنس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور حکومتی مشنیری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیب کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لئے سہولیات فراہم کرے ، محمد نواز شریف اور مریم نواز گرفتاری دینے آرہے ہیں اور نیب گرفتار کرنے جارہی ہے ، نگران حکومت کو اپنا کام ایمانداری اور …

اسلام آباد ۔ 12 جولائی (اے پی پی)وفاقی وزیر اطلاعات،نشریات،قومی تاریخ و ادبی ورثہ بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اور حکومتی مشنیری کی ذمہ داری ہے کہ وہ نیب کو عدالتی احکامات پر عمل درآمد کے لئے سہولیات فراہم کرے ، محمد نواز شریف اور مریم نواز گرفتاری دینے آرہے ہیں اور نیب گرفتار کرنے جارہی ہے ، نگران حکومت کو اپنا کام ایمانداری اور شفاف انداز میں جاری رکھنے میں قوم کو حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ‘ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی کے بعد نام ای سی ایل میں ڈالنے کا فیصلہ ہوگا‘انسانیت کے خلاف دہشت گردی بڑا جرم ہے،اس وقت ہمیں تعلیمی نظام کو بہتر بنانا ہو گا ‘مجھے یقین ہے کہ صوبائی حکومتیں الیکشن مہم کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کو یقینی بنائیں گی جہاں جس سطح کی تھریٹ ہواس کے مطابق سکیورٹی فراہمی یقینی بنانی چاہیے ۔ وہ جمعرات کو نیکٹا کے زیراہتمام دو روزہ قومی یوتھ کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔یونیورسٹیوں، تعلیمی اداروں اور مدارس میں تشدد آمیز انتہاپسندی کے سدباب کے موضوع پر نیکٹا کے زیراہتمام دو روزہ کانفرنس میں ملک بھر کی 25 سے زائد یونیورسٹیوں، مدرسوں اور دیگر نمایاں تعلیمی اداروں کے 150 سے زائد وائس چانسلرز، اساتذہ، فیکلٹی ممبرز اور طلباءشریک ہیں ۔وفاقی وزیر بیرسٹر سید علی ظفر نے کہا کہ سیاسی جماعت کے کارکنوں کی گرفتاری کے لئے کسی قسم کا کریک ڈاﺅن نہیں ہونا چاہیے لیکن اگر سکیورٹی اداروں کو یہ اطلاعات ملے کہ امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی منصوبہ بندی یا عدالتی احکامات کے راستے میں کوئی رکاوٹ ڈالنے کی کوشش ہونے والی ہے یا کسی قانون کی خلاف ورزی ہونے لگی ہے تو سکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان چیزوں کو روکیں ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت اور وزارت داخلہ سے متعلق سوالات کا جواب متعلقہ حکام ہی دے سکتے ہیں ۔