وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کی نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سیاسی ورکر نہیں ہیں انہیں وراثت کے ذریعے ذمہ داری ملی ہے، ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ انہیں پاکستان کے مسائل کا ادراک نہیں ہے، ماضی میں منتخب وزیراعظم اور ارکان پارلیمنٹ اقامے رکھتے رہے ہیں اسلئے ن لیگ کے رہنماﺅں کے منہ سے دوہری …

اسلام آباد ۔ 20 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری سیاسی ورکر نہیں ہیں انہیں وراثت کے ذریعے ذمہ داری ملی ہے، ان کی باتوں سے لگتا ہے کہ انہیں پاکستان کے مسائل کا ادراک نہیں ہے، ماضی میں منتخب وزیراعظم اور ارکان پارلیمنٹ اقامے رکھتے رہے ہیں اسلئے ن لیگ کے رہنماﺅں کے منہ سے دوہری شہریت کے حوالے سے باتیں اچھی نہیں لگتیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ معاونین خصوصی اور مشیروں نے اپنے اثاثے ظاہر کئے ہیں جس پر حکومت کو کریڈٹ ملنا چاہیے، اے پی سی کی باتیں بڑے عرصے سے چل رہی ہیں، اپوزیشن جماعتیں مکمل طور پر انتشار کا شکار ہیں اسلئے حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ 18 اگست کو حکومت کے دو سال مکمل ہو جائیں گے اور ہم اپنی دو سالہ کارکردگی عوام کے سامنے رکھیں گے، عوام کو بتائیں گے کہ حکومت نے دو سال کے دوران کیا کیا کام کئے اور کیا کامیابیاں حاصل کیں اور ہمارا اگلا لائحہ عمل کیا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے پاس کوئی پلان نہیں ہے اور یہ مختلف زاویوں سے سوچ رہی ہیں، اپوزیشن جماعتوں کے ہر رہنما پر بدعنوانی کے کیسز چل رہے ہیں اور وہ احتساب سے بچنے کیلئے ظاہر کر رہی ہے کہ وہ متحد ہے لیکن ایسا نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کے مفادات بھی متضاد ہیں، وہ مکمل طور پر انتشار کا شکار ہے اس لئے حکومت کو ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ ن لیگ اندرونی اختلافات کا شکار ہے ان میں کوئی یکسانیت نہیں ہے جبکہ دوسری جانب پیپلزپارٹی صرف ایک صوبے تک محدود ہو کر رہ گئی ہے، سندھ سے باہر اسے کوئی توجہ نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے قومی اداروں کو تباہ کیا اور موجودہ صورتحال کے بھی یہی لوگ ذمہ دار ہیں، موجودہ حکومت اداروں کو ٹھیک کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی وی کو بہتر بنانے کیلئے بزنس پلان کا اقدام اٹھایا گیا ہے اور چھ ماہ میں پی ٹی وی مختلف نظر آئے گا، ایک ایک پیسہ عوام کے سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر مشیروں اور معاونین خصوصی نے اثاثے ظاہر کئے جس پر حکومت کو کریڈٹ ملنا چاہیے، اس معاملے پر بحث ہونی چاہیے اور اس پر قانون سازی بھی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں وزیراعظم کو تکنیکی لوگوں کی خدمات حاصل کرنے کا اختیار حاصل ہے یہ کوئی غیرقانونی عمل نہیں ہے۔

مزید خبریں