اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، جس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، عبدالعلیم خان اور بابر اعوان کے مقدمات کے حوالے سے ہم نے نیب کو کچھ نہیں کہا، کارروائیاں کرنا نیب کا صوابدیدی اختیار ہے، ہم نے کسی کی گرفتاری سے کسی کو نہیں روکا۔ ان خیالات کا …
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو
اسلام آباد ۔ 8 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے، جس میں حکومت کا کوئی عمل دخل نہیں، عبدالعلیم خان اور بابر اعوان کے مقدمات کے حوالے سے ہم نے نیب کو کچھ نہیں کہا، کارروائیاں کرنا نیب کا صوابدیدی اختیار ہے، ہم نے کسی کی گرفتاری سے کسی کو نہیں روکا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا سمیت عبدالعلیم خان اور بابر اعوان کے مقدمات میں ہم نے نہ تو نیب سے یہ کہا ہے کہ ان مقدمات کو تیزی سے نمٹائیں اور نہ ہی یہ کہا ہے کہ انہیں نہ کریں کیونکہ نیب ایک آزاد ادارہ ہے جس سے حکومت کا کوئی عمل دخل ہی نہیں ہے، البتہ یہ ضرور ہے کہ کسی حکومت میں جب کسی وزیر کے اوپر کوئی الزام آیا اور ریفرنس فائل ہوا تو انہوں نے استعفیٰ دے دیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا کہنا تھا کہ ہم نے کسی کو گرفتاری سے نہیں روکا، بابر اعوان کا مقدمہ نندی پور منصوبے کے حوالے سے ہے جو 2013ءسے تاخیر کا شکار ہے، نندی پور پنجاب حکومت کا اپنا منصوبہ تھا جو رانا ثنااللہ سمیت شہباز شریف اور نواز شریف کی ناکامی ہے کہ صوبائی حکومت نے کیس کو آگے ہی نہیں بڑھایا، اب 5 سے 7 سال گزر جانے کے بعد انہیں یاد آ رہا ہے کہ اس مقدمے کو پہلے نمٹایا جانا چاہیئے تو انہیں یہ بھی تو بتانا چاہیئے کہ اس وقت ان لوگوں نے اس مقدمے کو آگے کیوں نہیں بڑھایا۔









