وفاقی وزیر اعظم نذیر تارڑ ے روانڈا کی ہائی کمشنر کی ملاقات

وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان فاتحو ہاریریمانا نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسلام آباد۔17مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے جمہوریہ روانڈا کی ہائی کمشنر برائے پاکستان فاتحو ہاریریمانا نے اپنے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ ملاقات میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کو وزارت انسانی حقوق سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ملاقات کے دوران فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کا خیرمقدم کیا، جس میں صنفی ترقی، خاندانی بہبود اور بچوں کی نشوونما سے متعلق شعبہ جات شامل ہیں۔ اس میں مشترکہ اقدامات، تبادلہ پروگرامز اور استعداد کار میں اضافے کی سرگرمیاں بھی شامل ہیں۔

یہ مفاہمتی یادداشت کیگالی میں دستخط کی گئی، جو پاکستان اور روانڈا کے درمیان تعاون کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، خصوصاً صنفی مساوات، خواتین کو بااختیار بنانے، خاندانی تحفظ اور بچوں کی ترقی کے شعبوں میں۔ ہائی کمشنر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے صنفی مساوات کے فروغ، خواتین و بچوں کے تحفظ اور انسانی حقوق کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں ادارہ جاتی نظام کو مضبوط بنانے میں ہونے والی پیش رفت کو تسلیم کرتے ہوئے تجربات اور بہترین طریقہ کار کے تبادلے کے لیے مزید تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

فریقین نے ادارہ جاتی تعاون کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا جس میں خصوصاً خواتین کی سیاسی شرکت اور صنفی مساوات کو مرکزی دھارے میں شامل کرنے کے علاوہ علم کے تبادلے، تکنیکی اشتراک اور بہترین طریقہ کار سے استفادہ شامل ہے۔ روانڈا کی جانب سے صنفی مساوات کے فروغ میں اپنے تجربات اور پیش رفت کو بھی اجاگر کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر دونوں ممالک کے درمیان باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے اور تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔