وفاقی وزیر اقتصادی امور احد چیمہ کی زیر صدارت اجلاس، پاکستان اور سعودی عرب کا زرعی و غذائی تجارت بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی مصنوعات کی تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان گوشت، چاول، پراسیسڈ فوڈ اور جانوروں کی خوراک سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔

اسلام آباد۔20اگست (اے پی پی):پاکستان اور سعودی عرب نے زرعی و غذائی مصنوعات کی تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے درمیان شراکت داری کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان گوشت، چاول، پراسیسڈ فوڈ اور جانوروں کی خوراک سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات تیز کر دیئے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور و اسٹیبلشمنٹ ڈویژن سینیٹر احد چیمہ کی زیر صدارت جمعرات کو اجلاس منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی زرعی اور غذائی مصنوعات کی تجارت کو وسعت دینے، برآمدات بڑھانے، دوطرفہ مارکیٹ روابط مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری و نجی شعبے کی شراکت داری کے نئے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے اہم پیش رفت اور امکانات کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، سیکرٹری تجارت جواد پال، سیکرٹری نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ عامر علی احمد، چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) سہیل اشرف، دفتر خارجہ کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران حکام نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی مصنوعات کی باہمی تجارت بڑھانے کے لیے جاری اقدامات پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور زراعت و خوراک کے شعبوں میں مزید تعاون کے مواقع پر بریفنگ دی۔وفاقی وزیر احد چیمہ نے کہا کہ سعودی وزیر برائے ماحولیات، پانی و زراعت عبدالرحمن الفضلی کا آئندہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان زرعی و غذائی تجارت میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری و مشترکہ منصوبوں کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے انتہائی اہم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان وسیع زرعی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سعودی عرب کو زرعی اور غذائی مصنوعات کی برآمدات میں نمایاں اضافہ چاہتی ہے۔ اس مقصد کے لیے ویلیو چینز کو مضبوط بنانے اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب نے غذائی شعبے میں تعاون کے لیے گوشت، چاول، پراسیسڈ فوڈ اور جانوروں کی خوراک سمیت چار اہم شعبوں کی نشاندہی کی ہے۔ سعودی وفد صوبائی وزرائے زراعت سے بھی ملاقاتیں کرے گا، جن میں مزید تعاون کے امکانات تلاش کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان رابطہ کاری کو مضبوط بنانے پر غور کیا جائے گا۔دورے کے دوران سعودی وفد نیشنل ایگریکلچر ریسرچ سینٹر (این اے آر سی) کا دورہ بھی کرے گا جہاں وفد کو پاکستان میں زرعی تحقیق، جدت اور ترقی کے منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جائے گی۔ سعودی وفد پاکستان کے نمایاں زرعی کاروباری گروپس کے نمائندگان سے بھی ملاقاتیں کرے گا تاکہ تجارت، سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔

حکام نے مزید بتایا کہ سعودی وفد کے دورے کے دوران متعدد مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط متوقع ہیں جن میں غذائی تحقیق کے شعبے میں تعاون اور پاکستان-سعودی عرب ایگری انویسٹمنٹ فنڈ کا قیام بھی شامل ہے۔ ان اقدامات کا مقصد زرعی شعبے میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کو فروغ دینا ہے۔احد چیمہ نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف سعودی عرب کے ساتھ اقتصادی اور زرعی تعاون کو مزید گہرا کرنے میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک کے دیرینہ اور مضبوط تعلقات کو تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی مفاد پر مبنی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ قریبی رابطہ کاری کے ذریعے پاکستان کی زرعی و غذائی مصنوعات کی سعودی عرب کو برآمدات بڑھانے کے لیے ٹھوس، قابل عمل اور تجارتی بنیادوں پر مبنی تجاویز تیار کریں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی وفد کا آئندہ دورہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات کو نئی رفتار فراہم کرے گا اور زرعی تجارت، سرمایہ کاری، تحقیق اور مشترکہ منصوبوں کے شعبوں میں ٹھوس پیش رفت کا باعث بنے گا۔