اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں قانونی طور پر کوئی پیچیدگی نہیں، اپوزیشن اسے بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے جیسے بہت بڑی چیز سامنے آ گئی ہو، پی ٹی آئی نے نہ پہلے کچھ چھپایا اور نہ اب چھپائیں گے، اگر الیکشن کمیشن شواہد مانگے گا تو ہم ضرور دیں گے، پی …
وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہرکی نجی ٹی وی سے گفتگو

مزید خبریں
اسلام آباد ۔ 24 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس میں قانونی طور پر کوئی پیچیدگی نہیں، اپوزیشن اسے بڑھا چڑھا کر پیش کر رہی ہے جیسے بہت بڑی چیز سامنے آ گئی ہو، پی ٹی آئی نے نہ پہلے کچھ چھپایا اور نہ اب چھپائیں گے، اگر الیکشن کمیشن شواہد مانگے گا تو ہم ضرور دیں گے، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سپریم کورٹ 2017ء میں حنیف عباسی کی درخواست پر پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔ اتوار کو نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن 10 مہینے یہ کیس لیکر بیٹھا رہا اب اسکروٹنی کمیٹی بنائی گئی ہے جس میں ہم پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کو سیاسی بنا دیا گیا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ بلاتفریق احتساب ہو، سپریم کورٹ کی الیکشن کمیشن کو بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کا مطلب ہے کہ دیگر جماعتوں کے فنڈ بھی چیک کئے جائیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے آڈٹ شدہ اکائونٹس کی اسکروٹنی ہوتی رہی ہے، ہم نے سپریم کورٹ میں تمام ثبوت دے دیئے ہیں، نہ پہلے کچھ چھپایا نہ اب چھپائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو 400 صفحات پر مشتمل 15 والیمز دے دیئے ہیں، فارا کی ویب سائٹ پر تمام تفصیلات موجود ہیں، اب اگر الیکشن کمیشن دوبارہ شواہد مانگے گا تو دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو اوورسیز پاکستانیز فنڈنگ کر رہے ہیں جس پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مسئلہ یہ ہے کہ اگر عدالت ان کے خلاف فیصلہ دے تو وہ مظلوم بن جاتے ہیں کہ ان کے خلاف سازش ہو رہی ہے اور جب عدالت ان کے حق میں فیصلہ دیتی ہے تو وہ مٹھائیاں تقسیم کرنا شروع کر دیتے ہیں۔ حماد اظہر نے کہا کہ 2018ء کے انتخابات شفاف تھے، عالمی اداروں کی اس حوالے سے رپورٹس موجود ہیں۔








