وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین گنڈاپور کی جنوبی کوریا کے سفیرسے گفتگو

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں معدنیات، سیاحت اور ہائیڈل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی کوریا کے پاکستان میں سفیر کواک سنگ کوئی سے بات …

اسلام آباد ۔ 29 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستا ن علی امین خان گنڈاپور نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں معدنیات، سیاحت اور ہائیڈل کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں جن سے بیرونی سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنوبی کوریا کے پاکستان میں سفیر کواک سنگ کوئی سے بات چیت کے دوران کیا جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور جنوبی کوریا کے باہمی تعلقات پر تفصیلاً بات چیت کی گئی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں جنوبی کوریا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کی سرمایہ کار کمپنیوں نے پاکستان میں کئی اہم منصوبے مکمل کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی ترقی کا ماڈل پاکستان کی ترقی میں بھی اہم معاون ثابت ہوسکتا ہے۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کو اُجاگرکرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں معدنیات، سیاحت اور ہائیڈل کے شعبہ میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جس سے جنوبی کوریا کے سرمایہ کار بھرپور فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں مذہبی سیاحت، ایڈونچر سپورٹس ہاکنگ، سکنگ سمیت خوبصورت جھلیں اور وادیاں ہیں جن سے لطف اندوز ہونے کےلئے لاکھوں سیاح ہر سال ان علاقوں کا رُخ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی بہترین اور شفاف پالیسز کی وجہ سے بیرونی سیاحوں کی تعداد میں بھی زبردست اضافہ ہورہا ہے۔ اُنہوں نے کہاکہ اُن کی وزارت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر قسم کا تعاون اور حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بتدریج بہتر ہو چکا ہے اور معاشی اشارے مثبت رجحانات کی نشاندہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار کرنے کے حوالہ سے انڈیکس میں بھی بہتری آئی ہے جس سے بیرونی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان ملک کی ترقی کے حوالے سے ایک وژن رکھتے ہیں جس میں بیرونی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی ایک کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ جنوبی کوریا کے سفیر نے سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی اور معاشی ترقی کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں معاشی ترقی کے حوالے سے زبردست صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم معاشی پالیسیز کی بدولت پاکستان دُنیا کی مضبوط ترین معیشتوں میں شامل ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی کوریا کی سرمایہ کار کمپنیاں پہلے سے ہی پاکستان میں سرمایہ کاری کےلئے دلچسپی کا اظہار کر رہی ہیں جس میں آنے والے دنوں میں مزید اضافہ ہو گا۔ ملاقات میں جنوبی کوریا کی کمپنیوں کے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر وزارت اُمورکشمیر و گلگت بلتستان کے سیکرٹری طارق محمود پاشا بھی موجود تھے۔