وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) پر رش کم کرنے کے لیے نیلام شدہ کنٹینرز پر ڈیمریج چارجز میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ بندرگاہ کے نجی ٹرمینلز کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کا کے پی ٹی پر نیلامی کے کنٹینرز پر ڈیمریج معاف کرنے کا اعلان

مزید خبریں
اسلام آباد۔9مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) پر رش کم کرنے کے لیے نیلام شدہ کنٹینرز پر ڈیمریج چارجز میں چھوٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فیصلہ بندرگاہ کے نجی ٹرمینلز کے تعاون سے کیا گیا ہے۔
وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیر بحری امور نے کہا ہے کہ اس اقدام کے تحت کراچی پورٹ ٹرسٹ نیلامی کے قابل اور نیلام شدہ کنٹینرز پر ڈیمریج وصول نہیں کرے گا، بشرطیکہ انہیں اعلان کے سات دن کے اندر کلیئر کر لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بندرگاہ پر بڑھتے ہوئے رش کو کم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے جس سے کسٹمز کو کلیئرنس کے عمل کو تیز کرنے میں مدد ملے گی۔
اس کے ساتھ ساتھ تجارتی شعبے کو بھی فائدہ ہوگا کیونکہ پھنسے ہوئے کنٹینرز کی وجہ سے ہونے والی تاخیر کم ہوگی اور کراچی آنے والے ٹرانس شپمنٹ کارگو کے لیے جگہ پیدا ہوگی۔جنید انوار چوہدری نے مزید کہا کہ ڈیمریج میں یہ چھوٹ کے پی ٹی کی جانب سے بندرگاہی رش کے مسئلے کے حل کے لیے فعال حکمت عملی کی عکاسی کرتی ہے اور یہ اقدام پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بندرگاہی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانے کے عزم کا اظہار بھی ہے۔








