اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط کے بارے میں تاجر برادری میں غلط فہمی پائی جاتی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے، حکومت جلد چھوٹے تاجروں کیلئے ایک فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرائے گی جس کے بعد ان کو 50 ہزار سے زائد سیل پر شناختی کارڈ درج کرنے کی ضرورت …
وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر کا اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب
اسلام آباد ۔ یکم اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ شناختی کارڈ کی شرط کے بارے میں تاجر برادری میں غلط فہمی پائی جاتی ہے جس کو دور کرنے کی ضرورت ہے، حکومت جلد چھوٹے تاجروں کیلئے ایک فکسڈ ٹیکس نظام متعارف کرائے گی جس کے بعد ان کو 50 ہزار سے زائد سیل پر شناختی کارڈ درج کرنے کی ضرورت نہیں ہو گی تاہم شناختی کارڈ کا اندراج صرف بی ٹو بی سودوں میں ضروری ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پوسٹ بجٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مینوفیکچرنگ سے ہول سیلرز و ڈسٹری بیوٹرز کے سودوں میں شناختی کارڈ کا اندراج ضروری ہو گا اور حکومت اس سے ہرگز پیچھے نہیں ہٹے گی، ریٹیل سیکٹر کا مجموعی قومی پیداوار میں 20 فیصد حصہ ہے لیکن ٹیکس کی ادائیگی میں اس کا حصہ صرف 0.25 فیصد ہے، 80 سے 90 فیصد ریٹیلرز اس وقت ٹیکس نیٹ میں رجسٹرڈ ہی نہیں ہیں اور معیشت کی بہتری کیلئے ان کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہو گا۔ حماد اظہر نے کہا کہ حکومت نے مالی سال 2019-20ءکے دوران ٹیکس ریونیو میں 35 فیصد اضافہ کرنے کا ہدف رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر بردری ان کوششوں میں حکومت کا ساتھ دے کیونکہ ٹیکس ریونیو کو بہتر کئے بغیر ملک ترقی نہیں کر سکتا۔









