وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے  کنٹری ریپرزنٹیٹو پرنیلے آئرن سائیڈ کی قیادت میں یونیسف کے وفد کی ملاقات

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے  کنٹری ریپرزنٹیٹو پرنیلے آئرن سائیڈ کی قیادت میں یونیسف کے وفد نے جمعرات کو یہاں وزارتِ انسانی حقوق کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے حوالے سے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز …

اسلام آباد۔4ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ سے  کنٹری ریپرزنٹیٹو پرنیلے آئرن سائیڈ کی قیادت میں یونیسف کے وفد نے جمعرات کو یہاں وزارتِ انسانی حقوق کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں بچوں کے حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے حوالے سے تعاون کو مزید مستحکم بنانے پر جامع تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزارت سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے یونیسف وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ آئرن سائیڈ کا پاکستان میں قیام خوشگوار اور ثمر آور ثابت ہوگا۔

انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ حکومتِ پاکستان بچوں کے حقوق کے فروغ اور ان کے لئے محفوظ و پرورش پانے والا ماحول فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہے۔اہم موضوعات میں بچوں پر تشدد کی روک تھام و انسداد کے اقدامات اور یونیسف کے اشتراک سے ایک کثیر سالہ ورک پلان کی تیاری شامل تھی تاکہ بچوں کو ہر قسم کے تشدد اور استحصال سے محفوظ بنایا جا سکے۔

پرنیلے آئرن سائیڈ نے حکومتِ پاکستان کے حالیہ اقدامات بالخصوص چائلڈ میریج ریسٹرینٹ ایکٹ اور دیگر اصلاحی پالیسیوں کو بےحد سراہا جو بچوں کے تحفظ کے لئے اختیار کی گئی ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ یونیسف بچوں کے حقوق کے فروغ اور ان کے تحفظ کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لئے اپنا بھرپور تعاون جاری رکھے گا۔

ملاقات کے اختتام پر فریقین نے اس امر پر اتفاق کیا کہ باہمی اشتراکِ عمل اور قریبی ہم آہنگی کے ذریعے مشترکہ اہداف کو آگے بڑھایا جائے گا تاکہ بچوں کی فلاح و بہبود اور ان کے تحفظ کے لئے ٹھوس اور مؤثر پیشرفت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں