وفاقی وزیر برائے تجارت کی ویتنام کے اسٹیٹ بینک کے نائب گورنر ڈاکٹر ہوآن ترنگ سے ملاقات

ہنوئی۔12جولائی (اے پی پی):پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ہفتہ کو ویتنام کے اسٹیٹ بینک کے نائب گورنر ڈاکٹر ہوآن ترنگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ویتنام کے درمیان مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے 2004 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور اسٹیٹ بینک آف ویتنام (ایس بی وی) کے درمیان دستخط شدہ …

ہنوئی۔12جولائی (اے پی پی):پاکستان کے وفاقی وزیر برائے تجارت جام کمال خان نے ہفتہ کو ویتنام کے اسٹیٹ بینک کے نائب گورنر ڈاکٹر ہوآن ترنگ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ویتنام کے درمیان مالیاتی تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں فریقین نے 2004 میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) اور اسٹیٹ بینک آف ویتنام (ایس بی وی) کے درمیان دستخط شدہ مفاہمتی یادداشت کو یاد کیا اور بدلتے ہوئے مالیاتی منظرنامے اور بڑھتی ہوئی دو طرفہ تجارت کے پیش نظر اس معاہدے کی تجدید اور جدید خطوط پر استوار کرنے کی تجویز کا خیرمقدم کیا۔

یہ تسلیم کیا گیا کہ ایک تجدید شدہ مفاہمتی یادداشت بینکاری تعاون کے لیے ایک مضبوط فریم ورک فراہم کر سکتی ہے، جس سے سرحد پار سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور ریگولیٹری تعاون کو تقویت ملے گی۔ خاص طور پردونوں جانب نے ابھرتے ہوئے شعبوں جیسے کہ ڈیجیٹل لین دین، کیو آر کوڈ پر مبنی ادائیگی کے نظام اور مالی شمولیت کو مستقبل کے تعاون میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔وفاقی وزیر نے ڈیجیٹل بینکاری کے شعبے میں ویتنام کی پیش رفت کو سراہا اور پاکستان میں مالیاتی جدت کے فروغ کے لیے ویتنام کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

دونوں فریقین نے اقتصادی اور تجارتی روابط کے فروغ کے لیے مرکزی بینکوں کے اہم کردار کو تسلیم کیا۔ملاقات کے اختتام پراس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے شعبۂ بین الاقوامی تعلقات کے ذریعے ادارہ جاتی رابطے برقرار رکھے جائیں گے تاکہ اس تعاون کی باقاعدہ پیروی ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں