وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے ’’اُڑان پاکستان‘‘ وژن کے تحت 2 روزہ ڈیٹا فیسٹ 2025 کا افتتاح کر دیا

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لئے ڈیٹا انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ٹولز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ منصوبہ بندی اور پالیسی پر عملدرآمد کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے منگل کو2 روزہ ڈیٹا فیسٹ 2025 کا افتتاح کیا جس کا عنوان ’’اعداد و …

اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی ، اصلاحات و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لئے ڈیٹا انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ٹولز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ منصوبہ بندی اور پالیسی پر عملدرآمد کو مؤثر بنایا جا سکے۔ انہوں نے منگل کو2 روزہ ڈیٹا فیسٹ 2025 کا افتتاح کیا جس کا عنوان ’’اعداد و شمار سے زندگیوں تک‘‘ ہے۔

یہ تقریب حکومت کے وژن “اُڑان پاکستان کے تحت پاکستان بیورو آف اسٹیٹسٹکس کے زیراہتمام منعقد کی گئی جس کا مقصد ماحول، معیشت، ای۔پاکستان اور سماجی برابری جیسے اہم قومی موضوعات پر مکالمے کو فروغ دینا اور ایک خوشحال و جامع مستقبل کے لئے عملی حکمتِ عملیاں وضع کرنا ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ ڈیٹا فیسٹ 2025 پاکستان کے ڈیجیٹل وژن اور جدید ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈیٹا انٹیگریشن، اختراع اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فروغ کے ذریعے پالیسی سازی اور عوامی خدمت میں شفافیت و کارکردگی کو بہتر بنا رہی ہے۔وفاقی وزیر نے انٹرا یونیورسٹی کوئز، پوسٹر اور پراجیکٹ ڈسپلے مقابلوں کے ٹرافیاں بھی متعارف کرائیں جو “Unlocking Tomorrow with AI” کے عنوان سے منعقد ہو رہے ہیں۔ ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوانوں اور طلبہ کو ڈیٹا پر مبنی حلوں کے ذریعے قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کی ترغیب دینا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت درست اور بروقت معلومات کی فراہمی کے لئے ڈیٹا انفراسٹرکچر اور ڈیجیٹل ٹولز میں سرمایہ کاری کر رہی ہے تاکہ منصوبہ بندی اور پالیسی پر عملدرآمد کو مؤثر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ڈیٹا فیسٹ 2025 اُڑان پاکستان کے وژن کا ایک تابندہ اظہار ہے جو ہمارے اجتماعی عزم کی علامت ہے کہ ہم ایک ڈیجیٹل طور پر بااختیار، علم پر مبنی اور جامع مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے زور دیا کہ کوئی ملک پائیدار ترقی اس وقت تک حاصل نہیں کر سکتا جب تک وہ درست اعداد و شمار اور مؤثر ڈیش بورڈز کے ذریعے اپنی سمت کا تعین نہ کرے۔انہوں نے کہا کہ جیسے ایک ڈرائیور بغیر سائن بورڈ اور سمت کے اپنی منزل تک نہیں پہنچ سکتا، اسی طرح کوئی قوم ڈیٹا، ڈیش بورڈز، سمت اور وسائل کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

دو روزہ ڈیٹا فیسٹ 2025 میں مختلف موضوعاتی مباحثے، ورکشاپس، سیمینارز، ڈیٹا مصنوعات کی نمائش اور ماہرین کی تقاریر شامل ہیں۔اہم موضوعات میں اُڑان پاکستان وژن، ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی آفات سے نمٹنے کی حکمتِ عملی، معاشی نمو و سرمایہ کاری کے لئے ڈیٹا کا استعمال، سماجی مساوات، تعلیم، صحت اور ای۔پاکستان کے تحت مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل ایکو سسٹم کا فروغ شامل ہے۔