وفاقی وزیر برائے مواصلات نے ترک سفارتخانے جا کر ترکیہ کے دو سکولوں میں فائرنگ سے اموات پر تعزیت کی

وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نےترکیہ کے صوبوں شانلی اورفا اور قہرامان ماراش میں پیش آنے والے سکول فائرنگ کے واقعات میں متعدد اموات پر ترک سفارت خانے میں جاکر تعزیت کی ۔

اسلام آباد۔17اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے مواصلات عبدالعلیم خان نےترکیہ کے صوبوں شانلی اورفا اور قہرامان ماراش میں پیش آنے والے سکول فائرنگ کے واقعات میں متعدد اموات پر ترک سفارت خانے میں جاکر تعزیت کی ۔ وفاقی وزیر نے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نزیروغلو سے ملاقات کی اور کہا کہ پوری پاکستانی قوم اس مشکل گھڑی میں اپنے ترک بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کو نشانہ بنانا ایک انتہائی ظالمانہ اور سفاکانہ عمل ہے جو انسانیت کے اصولوں کے منافی ہے۔

جمعہ کو جاری بیان کے مطابق عبدالعلیم خان نے اس بات پر زور دیا کہ ذہنی مسائل کے حل اور اسلحے کے ذریعے تشدد کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنا اجتماعی ترجیح ہونی چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مضبوط اور مستحکم خاندانی نظام معاشرے میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ترکیہ اور پاکستان "یک جان اور دو قالب”ہیں جو خوشی اور غم میں ایک دوسرے کے ساتھ ناقابلِ جدا شراکت دار ہیں۔

انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے خصوصی دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ لواحقین کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد اور مکمل صحت یابی دے۔ اس موقع پر ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر عرفان نزیروغلو نے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستانی عوام کی جانب سے اظہارِ یکجہتی کو سراہا۔ دونوں فریقین نے خطے کی موجودہ صورتحال اور مشترکہ چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔