لاہور۔17 دسمبر(اے پی پی ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے لئے نوجوان نسل کو ہنرمند بنانا بہت ضروری ہے اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول کے لئے ہنر بھی حاصل کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفینٹی سکول آف انجینئرنگ کوٹ عبدالمالک کے تھرڈ اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی …
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کاانفینٹی سکول آف انجینئرنگ کوٹ عبدالمالک میں تقریب سے خطاب
لاہور۔17 دسمبر(اے پی پی ) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ صنعتی ترقی کے لئے نوجوان نسل کو ہنرمند بنانا بہت ضروری ہے اعلی تعلیم یافتہ نوجوانوں کو ملازمتوں کے حصول کے لئے ہنر بھی حاصل کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انفینٹی سکول آف انجینئرنگ کوٹ عبدالمالک کے تھرڈ اکیڈمک بلاک کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں ٹیکنیکل تعلیم کے تربیتی ادارے کم ہیں جس طرح ان اداروں کو ترقی دی جانی چاہیئے تھی اس طرح نہیں دی گئی وفاقی وزیر نے کہا کہ تعلیم یافتہ نوجوان ڈگریاں لینے کے باوجود بیروزگار پھر رہے ہیں، اعلی تعلیم کے ساتھ ساتھ نوجوانوں کو فنی تعلیم بھی دینی چاہیے تا کہ ان کے لئے ملازمتوں کا حصول آسان ہو۔انہوں نے کہا کہ مختلف صنعتی ادارے مل کر انفینٹی سکول آف انجینئرنگ کی طرح فنی ادارے قائم کریں تا کہ صنعتوں کے لئے ہنرمند افراد کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی اسی طرح کے ادارے قائم کر سکتی ہے ۔ ہوٹل انڈسٹری نے بھی ایسے ادارے قائم کئے ہیں اور حکومت بھی اس طرف خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پنجاب انڈوومنٹ فنڈ کا قیام ایک اچھی کوشش ہے جبکہ پرائیویٹ سیکٹر اس کی مدد سے تربیتی ادارے قائم کر سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسائل بہت ہیں لیکن ہمیں لیڈرشپ رول کردار ادا کرنا ہے تا کہ ملک کو مسائل سے نکالا جا سکے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے تا کہ وہ قومی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔









