وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کی نجی و سرکاری تعلیمی اداروں کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد سکول کھل گئے ہیں اور بچوں کی مکمل حاضری سے ظاہر ہوتا ہے والدین مطمئن ہیں، مکمل ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے دوران تعلیم بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے گا، کورونا کو شکست دینے اور تعلیمی سلسلہ بحال کرانے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار …

اسلام آباد ۔ 30 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ طویل عرصے بعد سکول کھل گئے ہیں اور بچوں کی مکمل حاضری سے ظاہر ہوتا ہے والدین مطمئن ہیں، مکمل ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے دوران تعلیم بچوں کی صحت کا خاص خیال رکھا جائے گا، کورونا کو شکست دینے اور تعلیمی سلسلہ بحال کرانے پر وزیراعظم عمران خان کے شکرگزار ہیں۔ بدھ کو وفاقی وزیر شفقت محمود نے نجی تعلیمی ادارے ہیڈ سٹاٹ کے مونٹیسوری کیمپس ایف 7/1 اور سرکاری تعلیمی اداروں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات ضیاءبتول بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔ وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ساڑھے 6 ماہ کے بعد پرائمری سکول کے بچے سکولوں میں آئے ہیں، آج مبارک دن ہے کہ تمام تعلیمی ادارے کھولنے میں کامیاب ہوئے، بچوں کا پہلے ہی تعلیمی حرج ہو چکا ہے مزیدحرج نہیں کرنا چاہتے، عمران خان کی کامیابی کا مظہر ہے کہ تمام سکول کھل چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ڈی جی وفاقی نظامت تعلیمات کے ہمراہ نجی و سرکاری سکولوں کا دورہ کیا ہے، ایس او پیز پر بچے عمل کرتے ہوئے نظر آئے، بچوں کی سکولوں میں مکمل حاضری بتاتی ہے کہ والدین مطمئن ہیں، چھوٹے بچے بھی ایس او پیز پر عملدر آمد کر رہے ہیں، والدین کو تسلی دلاتا ہوں کہ بچوں کی صحت کا خاص خیال کیا جائے گا۔ اس حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل وفاقی نظامت تعلیمات مس ضیاءبتول کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے تمام تعلیمی اداروں میں کورونا کے حوالے سے جاری کردہ ایس اوپیز پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے، بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے سلیبس کو بروقت مکمل کرنے کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، ہمارے اساتذہ محنت اور لگن سے بچوں کے معطل ہونے والے تعلیمی سلسلہ کو بخوبی پورا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وقتاً فوقتاً وہ خود تعلیمی اداروں کادورہ کرکے ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیتی رہیں گی تاکہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔

مزید خبریں