وفاقی وزیر توانائی سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر کی ملاقات، دوطرفہ تعاون،خطے کی موجودہ جیو سٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈوک نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی موجودہ جیو سٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا

اسلام آباد۔16اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری سے برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹر سیم والڈوک نے ملاقات کی، جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون اور خطے کی موجودہ جیو سٹریٹجک صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق وفاقی وزیر نے برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے پاکستان کی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی میں سہولت کاری اور امن مذاکرات کی میزبانی کے حوالے سے کلیدی اور تعمیری کردار کے اعتراف پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا جانا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن کے ڈویلپمنٹ ڈائریکٹرنے ایران۔امریکا جنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والی پیچیدہ صورتحال کے باوجود حکومت پاکستان کی مجموعی حکمت عملی اور موثر اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے غیر معمولی عزم اور تدبر کا مظاہرہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں استحکام کو برقرار رکھا ہے۔سیم والڈوک نے کہا کہ برطانیہ پاکستان میں معاشی استحکام کے فروغ کو نہایت اہمیت دیتا ہے اور اس ضمن میں تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔ وفاقی وزیر نے برطانیہ کے ادارے ایف سی ڈی او کی جانب سے جاری تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے اسے دوطرفہ شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔ملاقات کے دوران سیم والڈوک نے سرمایہ کاری سے متعلق بعض امور کی نشاندہی کی جس پر وفاقی وزیر نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت ممکن تعاون فراہم کرے گی تاکہ سرمایہ کاری کے ماحول کو مزید سازگار بنایا جا سکے اور مشترکہ اقتصادی اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔