وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب کا درہ میں گیس فراہمی ، سلطان پور میں سڑک پختگی سمیت دیگر سکیموں کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہری پور۔ 17 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے انتخابی وعدوں سے بڑھ کر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں، پورے ضلع کے عوام کی بلاتفریق خدمت کا سلسلہ جاری ہے، پانچ سالوں میں حلقہ کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وہ گذشتہ روز گائوں …

ہری پور۔ 17 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر توانائی، پٹرولیم و قدرتی وسائل عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے انتخابی وعدوں سے بڑھ کر ضلع کیلئے ترقیاتی پیکیج لا رہے ہیں، پورے ضلع کے عوام کی بلاتفریق خدمت کا سلسلہ جاری ہے، پانچ سالوں میں حلقہ کی پسماندگی اور محرومیوں کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔ وہ گذشتہ روز گائوں درہ میں ایک کروڑ 9 لاکھ روپے کے فنڈز سے گیس فراہمی منصوبہ اور سلطان پور میں 40 لاکھ روپے کی لاگت سے سڑک کی پختگی اور دیگر ترقیاتی سکیموں کے افتتاح کے موقع پر عوامی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سابق صوبائی وزیر یوسف ایوب خان اور چیئرمین ڈیڈیک ارشد ایوب خان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں اہلیان علاقہ سے جو وعدے کئے تھے وہ ایک ایک کر کے ایفا کر رہے ہیں، ہری پور کے غیور عوام نے ان کے خاندان پر جس اعتماد کا اظہار کیا ہے وہ اسے تا دم مرگ نہیں بھلا سکتے، عوام کے خلوص اور محبت نے ان اور ان کے خاندان کو ہمیشہ کیلئے خرید لیا ہے، وہ بحیثیت وفاقی وزیر اور صوبائی وزیر اکبر ایوب خان اور ارشد ایوب خان صوبہ میں عوام کی بہترین نمائندگی کر رہے ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس وقت ہری پورمیں صرف ڈیڑھ سالوں میں بجلی، گیس، صحت، تعلیم اور سڑکوں کی تعمیر سمیت زندگی کے دیگر شعبوں میں اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر عملی کام جاری ہے جس کی تکمیل سے ضلع کا نقشہ بدل جائے گا۔