وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی بل گیٹس سے ملاقات، صحت اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

ڈیووس۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل، صحت کے شعبے کی ترجیحات اور پائیدار ترقی و ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کے لیے گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں …

ڈیووس۔22جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے جمعرات کو ڈیووس میں ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس کے موقع پر بل گیٹس سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان میں جاری اصلاحاتی عمل، صحت کے شعبے کی ترجیحات اور پائیدار ترقی و ادارہ جاتی صلاحیت بڑھانے کے لیے گیٹس فائونڈیشن کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیر خزانہ نے پاکستان میں گیٹس فائونڈیشن کی دیرینہ معاونت بالخصوص پولیو کے خاتمے میں اس کے اہم کردار پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے صحت عامہ کے چیلنجز سے نمٹنے اور ملک بھر میں طبی سہولیات بہتر بنانے کے لیے فائونڈیشن کے مسلسل تعاون کو سراہا۔بل گیٹس نے پاکستان میں فائونڈیشن کی جاری اور آئندہ سرگرمیوں سے آگاہ کیا اور پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں جانب سے اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ صحت کے منصوبوں پر موثر عملدرآمد کے لیے متعلقہ اداروں اور صوبائی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ ضروری ہے، خاص طور پر ان علاقوں میں جہاں خصوصی توجہ درکار ہے۔ فریقین نے پولیو کے خاتمے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔سینیٹر محمد اورنگزیب نے پاکستان کے ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے گیٹس فائونڈیشن کی جانب سے حالیہ تعاون کے اظہار پر بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ اقدام حکومت کے وسیع تر اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شفافیت اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ملکی وسائل میں اضافہ حکومت کی اہم ترجیح ہے جس کی نگرانی اعلیٰ سطح پر کی جا رہی ہے۔بل گیٹس نے کہا کہ موثر ٹیکس نظام طویل المدتی معاشی خود انحصاری کے لیے نہایت اہم ہے اور ڈیجیٹل ذرائع سے ٹیکس وصولی، حکمرانی اور عوامی خدمات میں نمایاں بہتری لائی جا سکتی ہے۔

وزیر خزانہ نے اس سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ بہتر مالی استحکام کے باعث پاکستان کو معاشی اور ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت حاصل ہوئی ہے جو اصلاحات کی اہمیت کو مزید واضح کرتا ہے۔ملاقات میں صحت کے شعبے میں تعاون کے مزید امکانات پر بھی بات ہوئی جن میں مقامی سطح پر ویکسین کی تیاری اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے کے امور شامل ہیں۔ دونوں جانب سے متعلقہ وزارتوں اور شراکت داروں کے ساتھ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا تاکہ عملی اور پائیدار حل تلاش کیے جا سکیں۔

وزیر خزانہ اور بل گیٹس نے آئندہ برسوں میں قریبی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ اعتماد، مشترکہ اہداف اور جامع ترقی کے لیے مضبوط شراکت داری کے ذریعے پاکستان کی اصلاحاتی کوششوں اور طویل المدتی سماجی و معاشی ترقی میں مثبت کردار ادا کیا جائے گا۔بل گیٹس نے پاکستان کی قیادت سے ملاقات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ گیٹس فائونڈیشن کے ذریعے وہ پاکستان میں جاری کام میں بھرپور شمولیت برقرار رکھیں گے۔