وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ اور محصولات مفتاح اسماعیل سے منگل کووزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی۔ وزیر مملکت برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر برائے تجارت و صنعت رانا احسان افضل، سیکرٹری خارجہ، چیئرمین ایف بی آر اور فنانس ڈویژن اور وزارت خزانہ کے سینئر افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔وزیر خزانہ نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا پرتپاک استقبال کیا۔

وزیر خزانہ اور وزیر خارجہ نے ملک کی موجودہ سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں بیرون ملک پاکستانی مشنز اور وزارت خارجہ سے متعلق مختلف مالیاتی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خزانہ نے بیرون ملک غیر ملکی مشنز کی اہمیت اور شراکت کو تسلیم کیا اور وزیر خارجہ کو ان کے مالی مسائل کو مناسب طریقہ کار کے ذریعے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو ان مسائل کے حل کے لئے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔