وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ملائیشین ہم منصب کا مشترکہ ورکنگ گروپ، سکیورٹی تعاون پر اتفاق

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصرالدین بن اسماعیل نے ملاقات کی، اس موقع پر فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات کی کوششوں، سائبر کرائم کی روک تھام اور امیگریشن مینجمنٹ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا

اسلام آباد۔22اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصرالدین بن اسماعیل نے ملاقات کی، اس موقع پر فریقین نے انسداد دہشت گردی، انسداد منشیات کی کوششوں، سائبر کرائم کی روک تھام اور امیگریشن مینجمنٹ میں تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔اجلاس میں دونوں وزارتوں کے درمیان مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے اور دہشت گردی، منشیات کی اسمگلنگ اور انسانی اسمگلنگ سے نمٹنے کے لیے انٹیلی جنس شیئرنگ کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔وزارت داکلہ کے مطابق ملائیشیا کے وزیر داخلہ کا وزارت داخلہ پہنچے پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے خیر مقدم کیا اور ان سے ون آن ون ملاقات کی۔ اس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی جس میں دونوں ممالک کے سینئر حکام نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران دونوں فریقوں نے دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور داخلی سلامتی اور قانون کے نفاذ سے متعلق شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے انسداد دہشت گردی کے اقدامات، انسداد منشیات کی کارروائیوں، غیر قانونی امیگریشن کو روکنے اور سائبر کرائم سے نمٹنے کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔دونوں وزراء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ انٹیلی جنس شیئرنگ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے اور دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث نیٹ ورکس کے خاتمہ میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے انسانی اسمگلنگ کے خلاف مشترکہ کوششوں کو مزید موثر بنانے کے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔دونوں ممالک نے نیشنل پولیس اکیڈمی پاکستان اور رائل ملائیشین پولیس کالج کے درمیان تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔ تربیتی پروگراموں کو وسعت دینے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں مہارت کے اشتراک پر پر بھی گفتگو کی گئی۔کوسٹ گارڈ سیکٹر میں باہمی تعاون تبادلہ خیال کا ایک اور اہم شعبہ تھا۔ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کوسٹ گارڈ آپریشنز اور متعلقہ شعبوں میں ملائیشیا کے تجربے سے فائدہ اٹھانے میں دلچسپی رکھتا ہے۔وزیر داخلہ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملائیشیا کے وزیر کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور تعاون کی نئی راہیں کھولنے میں معاون ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملائیشیا نے نمایاں اقتصادی اور سماجی ترقی حاصل کی ہے اور وہ پاکستان کا اہم شراکت دار ہے۔ملاقات میں سیاحت اور ویزا کی سہولت کا بھی احاطہ کیا گیا۔ دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان سفر کو فروغ دینے اور ویزا کے طریقہ کار کو آسان بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ ملائیشیا بہت سے پاکستانی سیاحوں کے لیے ایک ترجیحی منزل رہا ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورکرز کے کوٹے میں اضافے سے مزید پاکستانی قانونی ذرائع سے ملائیشیا میں ملازمت حاصل کر سکیں گے۔دونوں وزراء نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔اجلاس میں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے، انسپکٹر جنرل فیڈرل کانسٹیبلری، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، ڈائریکٹر جنرل پاسپورٹ، چیف کمشنر اور انسپکٹر جنرل اسلام آباد سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔