وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کیڈٹ کالج وانا کا دورہ

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا،جہاں سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا جو طلبا اور اساتذہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جبکہ وزیر داخلہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی اور علاقے بھر میں تعلیمی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ہفتہ …

اسلام آباد۔15نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا،جہاں سیکورٹی فورسز نے حال ہی میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنایا جو طلبا اور اساتذہ کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جبکہ وزیر داخلہ نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی اور علاقے بھر میں تعلیمی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان کے مطابق وانا پہنچنے پر وزیر داخلہ کا استقبال انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور خیبر پختونخوا (جنوب) میجر جنرل مہر عمر خان نے کیا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے پاکستان آرمی کے افسران اور سپاہیوں سے ملاقات کی جنہوں نے حملے کو کامیابی سے پسپا کیا اور تمام کیڈٹس اور اساتذہ کو محفوظ طریقے سے بچا لیا۔انہوں نے طلباء اور فیکلٹی ممبران سے بھی بات چیت کی اور واقعے کے بعد ان کی ہمت اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ وزیر داخلہ کو حملے کو ناکام بنانے اور تمام طلباء اور اساتذہ کو بغیر کسی جانی نقصان کے انخلاء کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

وزیر داخلہ نے پاکستان آرمی اور فرنٹیئر کور کی پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کی تعریف کی،ان کے اقدامات کو ہمت اور مہارت کی ایک مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف دہشت گرد نہیں ہیں، یہ درندے ہیں جن کا انسانیت سے کوئی تعلق نہیں، کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا اور یہ دہشت گرد کسی مذہب کی پیروی نہیں کرتے۔انہیں انسان کہنا انسانیت کی توہین ہے۔

انہوں نے کہا کہ حملہ آوروں کا ارادہ آرمی پبلک سکول جیسا سانحہ دہرانے کا تھا، لیکن سیکورٹی فورسز کی فوری اور فیصلہ کن کارروائی نے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور ان کی سازش کو ناکام بنا دیا۔محسن نقوی نے آپریشن میں شامل تمام افسران اور سپاہیوں کو "قومی ہیرو” قرار دیااور اعلان کیا کہ کیڈٹ کالج وانا کی جلد ہی جامع تزئین و آرائش اور بحالی یقینی بنائی جائے گی۔وزیر داخلہ نے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ وہ مسلح افواج کے ساتھ کھڑی رہے گی اور علاقے بھر میں تعلیمی اداروں کی حفاظت کو یقینی بنائے گی۔