وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، تمام عملے کو فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ، تمام عملے کو فوری عہدوں سے ہٹانے کا حکم

گوجرانوالہ ۔27اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں ریجنل پاسپورٹ آفس کا اچانک دورہ کیا جہاں مقررہ وقت سے قبل دفتر کی بندش، عملے کی غیر حاضری اور شہریوں کو سہولیات کی عدم فراہمی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے تمام عملے کو فوری طور پر عہدوں سے ہٹانے کا حکم دے دیا۔دورے کے دوران پاسپورٹ آفس میں شہریوں کا داخلہ بند پایا گیا اور دور دراز سے آنے والے سائلین کو گیٹ سے ہی واپس بھیجا جا رہا تھا۔

سرکاری اوقات کار کے مطابق دفتر کا وقت ساڑھے چار بجے تک مقرر تھا تاہم سہ پہر 4 بجے ہی دفتری امور بند کر کے صفائی کا کام شروع کر دیا گیا تھا اور دفتر میں چھٹی کا سماں تھا۔وزیر داخلہ کے استفسار پر موقع پر موجود عملے کا واحد اہلکار تسلی بخش جواب دینے میں مکمل ناکام رہا۔ محسن نقوی نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر دفتری اوقات ساڑھے چار بجے تک ہیں تو چار بجے تالے کیوں لگائے گئے؟ عملہ غائب ہے، دفتر بند کر کے صفائیاں ہو رہی ہیں اور عوام کو باہر سے ہی ٹرخایا جا رہا ہے،

کیا عوامی سہولت کے دفاتر اس طرح چلائے جاتے ہیں؟وفاقی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ شہریوں کو بنیادی خدمات کی فراہمی میں کسی قسم کی سستی یا کوتاہی قطعاً برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت جاری کی کہ سرکاری فرائض سے لاپروائی برتنے والے اور عوام کی خدمت پر مامور غفلت شعار عملے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے۔